آج یہاں عیدگاہ روڈ پر واقع ’النور اسلامک اکیڈمی دیوبند‘ کا افتتاح عمل میں آیا، جس میں علماءو طلبہ نے شرکت کی۔اس موقع پر اکیڈمی کے ڈائر یکٹر مولانا شاہ عالم قاسمی نے بتایا کہ یہ ادارہ دارالعلوم وقف دیوبند کے سابق استاذ حدیث، شیخ الادب مولانا مفتی محمد اسلام قاسمی ؒ کی یاد میں قائم کیا گیا ہے جس میں سر دست تین شعبے ہیں۔
شعبہ کمپیوٹر میں طلبہ کو اردو، ہندی و انگریزی میں ٹائپنگ کی مکمل مشق کرائی جائے گی، گرافکس ڈیزائننگ کا کورس کرایا جائے گا، اکاونٹنگ سوفٹویر ‘ٹیلی ‘بھی سکھایا جائے گا اور بیسک ویڈیو ایڈیٹنگ وغیرہ بھی اس کورس کا حصہ ہوں گے۔ شعبہ انگریزی میں مرکز المعارف ممبئی کے طرز پر ایک سالہ ڈپلومہ کرایا جائے گا جس میں انگریزی لکھنے پڑھنے اور بولنے کی مشق کرائی جائے گی۔ شعبہ خوش خطی میں طلبہ کو حسن خط کی تربیت دی جائے گی۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ اکیڈمی کے تحت نحو و صرف وغیرہ کے کچھ شارٹ کورس بھی کرائے جائیں گے۔افتتاحی تقریب میں شریک دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ اور نائب امیر شریعت مولانا محمد شمشاد رحمانی نے اکیڈمی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ یہ اکیڈمی طلبہ کو اضافی ہنر سے وابستہ کرے گی، نیز مستقبل میں اس کا دائرہ عمل وسیع ہوگا۔ جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند کے استاذ حدیث مولانا محمد صغیر پرتاپ گڑھی نے کہا کہ موجودہ دور میں طلبہ عزیز کے لیے کسی نہ کسی ہنر سے آراستہ ہونے کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے، زمانے کی تبدیلی اور تقاضوں کے پیش نظر خدمت دین کو مقصود بنا کر نئے نئے ہنر سیکھناطلبہ کے لئے مفید ثابت ہوگا۔ مکتبہ فیض القرآن کے بانی تاج عثمانی نے بھی اکیڈمی کے قیام پرخوشی کا اظہار کیا۔مولانا محمد صغیر پرتاپ گڑھی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر مفتی محمد، مولانا عثمان، مولانا طلحہ اعظمی، مفتی عبید انور شاہ، مولانا محمد اکرام، مفتی محمد حنیف، بدرالاسلام قاسمی، ندیم اقبال قاسمی وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments