Latest News

متعدد مقامات پر تکمیل کلام اللہ کے بعد دعاء کا اہتمام، رمضان المبارک اور قرآن کریم کا خاص رشتہ ہے :مفتی یاد ِالہی قاسمی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ماہ رمضان المبارک میں تراویح میں قرآن کریم ختم کئے جانے کا سلسلہ جار ی ہے۔ گذشتہ رات رمضان المبارک کی 25ویں شب میں متعدد مساجد اور گھروں میں پڑھائی جانے والی تراویح میں قرآن کریم کی تکمیل کی، اس موقع پر علماءحضرات نے رمضان المبارک اور قرآن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملک میں امن و امان کے لئے دعائیں کرائی۔ دیوبند کے محلہ خانقاہ میں عید گاہ روڑ پر واقع مولانا مفتی یاد الٰہی قاسمی کے مکان پر نماز تراویح میں قاری محمد سہراب نے قرآن کریم کی تکمیل کی۔ اس موقع پر ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ 
دعائیہ مجلس میں خطاب کرتے ہوئے مولانا یاد الٰہی نے کہا کہ رمضان المبارک اور قرآن کریم کا خاص رشتہ ہے، رمضان کے مہینہ میں ہی قرآن پاک کا نزول ہوا تھا۔ مولانا یاد الٰہی نے کہا کہ رمضان کے باقی دنوں میں ہر شخص کو زیادہ سے زیادہ عبادت کے ساتھ ساتھ قرآن کریم کی تلاوت کرنی چاہئے۔ اس دعائیہ مجلس میں کانگریس کے صوبائی سکریٹری راحت خلیل، علیم نمبردار، مفتی طارق قاسمی، حیدر علی، توصیف قریشی اور فرید انجینئر وغیرہ موجود رہے۔ 
وہیں دوسری جانب ایم بی ڈی چوک پر واقع مسجد صابن گرام میں محلہ شاہ بخاری کے باشندہ قاضی محمد عفان نے بھی قرآن کریم کی تکمیل کی۔ تکمیل قرآن کے بعد ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا ۔ دعائیہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی محمد عفان منصورپوری نے پورے عالم میں خاص طور پر ہندوستان میں امن اور خوشحالی کے لئے دعائیں کرائی ۔ اسی طرح محلہ خواج بخش میں نجم عثمانی کی رہائش گاہ پر ان کے بیٹے کاشف عثمانی نے بھی تراویح میں قرآن کریم کی تکمیل کی۔ محلہ لال مسجد پر سابق میونسپل ممبر امجد الٰہی کی رہائش گاہ پر قاضی فرحان کے صاحب زادے قاضی عمر نے بھی قرآن کریم تراویح میں مکمل کیا ۔محلہ ابو المعالی میں واقع علی مسجد میں حافظ کامران بن کفیل نظمی کا قرآن کریم مکمل ہوا، اس موقع پر مفتی وقاص ہاشمی نے قرآن کریم کی عظمت بیان کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر