Latest News

جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ووٹ کا ضرور استعمال کریں، مولانا فرید مظاہری کی اپیل، کہا ’ووٹ کا حق ہماری سب سے بڑی طاقت ہے‘۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
لوک سبھا انتخابات لئے آج جمعہ کے روز سے پہلے مرحلے کے تحت ووٹنگ کا عمل شروع ہو جائیگا۔ اس سلسلہ میں جامع مسجد کلاں سہارنپور کے منیجر اور مشہور سماجی شخصیت مولانا فرید مظاہری نے سبھی سے بڑھ چڑھ کر ووٹنگ میں حصہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ ووٹ قومی امانت اور فریضہ ہے، اس کا صحیح استعمال ہر شہری کا حق اور ذمہ داری ہے۔ ووٹ کے صحیح استعمال ہی سے ہم اپنے مستقبل کے لئے بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں۔ مولانا فرید مظاہری نے کہا کہ ہمیں ایک بار پھر پانچ سال بعد ایک اچھی حکومت منتخب کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ اس لیے تمام ووٹرز کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ووٹ کا حق ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، ہمیں ایک مضبوط قوم اور مضبوط جمہوریت کے لیے ووٹ دینا چاہیے۔ تمام ووٹرز اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے آج 19 اپریل کو بغیر کسی خوف اور لالچ کے پولنگ اسٹیشنوں پر جائیں اور اپنے ذاتی مفادات سے اُوپر اٹھ کر اپنے علاقے کے اچھے، ایماندار اور ترقی پسند امیدوار کو ووٹ دیں۔ خاص کر نوجوان نسل کو آگے آنا چاہیے اور اپنے اچھے مستقبل کے لیے ووٹ دینا چاہیے۔ انہوں نے لوگوں کو بیدار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی اور آنے والی نسلوں کے لیے ووٹ کا صحیح استعمال کیجیے اور اس کے لئے ذات پات کے فرق کو پس پشت ڈال کر ایک مثبت، لائق اور قابل انسان کو منتخب کیجئے۔ آگے مولانا نے خواتین کے حوالے سے کہا کہ عام طور سے ہماری خواتین اس سلسلے میں غفلت کا شکار ہیں انھیں واقفیت ہی نہیں کہ ووٹ کا استعمال کیسے کرنا ہے، عموماً پسماندہ علاقوں اور دیہی علاقوں کی خواتین اس سے آگاہی نہیں رکھتیں، ان کے اندر اس سلسلے میں بیداری ضروری ہے۔ انہوں نے سماج کے ذمہ دار لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ہر شخص کو ووٹ کے تئیں بیدار کرے اور ووٹ کی اہمیت سے روشناس کرائے۔ مولانا فرید مظاہری نے ووٹ ڈالنے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی امن و امان کا ماحول بنائے رکھے اور بلا خوف و خطر ووٹ ڈالے۔ جمہوریت کو بچانے اور مضبوط کرنے کے لیے منصفانہ انتخابات کا ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم کو بچانے کے لیے منصفانہ انتخابات بہت ضروری ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر