Latest News

دیوبند، سہارنپور، کیرانہ اور مظفرنگر میں ووٹنگ آج, سخت حفاظتی انتظامات، دیوبند میں ۳۶۵ پولنگ اسٹیشنوں پر ڈالے جائیں گے ووٹ، جانئے سہارنپور سیٹ کا حال۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
جمہوریت کے بڑے تہوار پارلیمانی الیکشن کے تحت آج ہونے والی پولنگ کے لئے دیوبند اسمبلی حلقہ میں 176پولنگ اسٹیشنوں کے 365پولنگ بوتھوں پر 3لاکھ 42ہزار سے زیادہ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ جمعرات کی شام تک پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ پارٹیوں کا پہنچنا شروع ہوگیا ہے۔ حکومت وانتظامیہ نے شفافیت کے ساتھ الیکشن کرانے کے لئے 6 کمپنی پیرا ملٹری فور س کی بھی مہیا کرائی ہے، حالانکہ حساس اور نہایت حساس مانے جانے والے پولنگ بوتھوں پر پولیس نفری کے ساتھ ساتھ پیرا ملٹری فورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ 
دیوبند اسمبلی حلقہ، ناگل اور بڑگاﺅں علاقہ میں پیرا ملٹری فورس کی 6کمپنیاں ووٹنگ کے دوران حفاظتی نظم ونسق کو سنبھالےگی۔ دیوبند کے ایس ڈی ایم انکور ورما نے بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ پارٹیوں سمیت حفاظتی دستے پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹنگ کے دوران گڑ بڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سی او اشوک سسودیا نے بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سخت اور چست درست حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ پولنگ پرامن طریقہ سے کی جاسکے۔ انہوں نے بھی شرپسند عناصر کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پولنگ کے دوران اسی طرح کی گڑبڑ یا کوئی غیرقانونی اقدام کیا گیا تو انتظامیہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ 
دوسری جانب سہارنپور لوک سبھا سیٹ کے لئے تمام پانچوں اسمبلی حلقوں بہٹ، سہارنپور شہر، سہارنپور دیہات، رامپور منیہاران اور دیوبند میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ ضلع کی دو اسمبلی سیٹیں نکوڑ اور گنگوہ کیرانہ لوک سبھا سیٹ کے تحت آتی ہیں۔ سہارنپور لوک سبھا سیٹ پر 1855310 ووٹر ہیں، جب کہ کیرانہ لوک سبھا سیٹ میں پڑنے والی دونوں اسمبلی سیٹوں نکوڑ اور گنگوہ میں ووٹروں کی تعداد 746666 ہے۔ ضلع میں 2708 پولنگ مقامات پر ووٹنگ ہوگی۔ ان میں سے 746 حساس پولنگ مقامات ہیں۔ ووٹنگ کے عمل کو منصفانہ یقینی بنانے کے لیے ضلع کو 22 زون اور 216 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انتخابات کو آزادانہ، شفاف اور پرامن طریقے سے کرانے کے لیے 1377 پولنگ مقامات پر ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ضلع میں 17 ہزار فوجی تعینات کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر ارچنا دویدی، ڈپٹی الیکشن آفیسر اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹنگ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولنگ بوتھ تیار کر لیے گئے ہیں۔ جمعرات کی صبح 7 بجے سے پولنگ پارٹیاں جنتا روڈ پر واقع گودام کے احاطے سے پولنگ مراکز کے لیے روانہ ہونا شروع ہو گئیں،تھی، جمعہ کی صبح سات بجے سے ووٹنگ کا عمل شروع ہوگا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر