Latest News

مسالک اور مذاہب کا اختلاف فروعی ہے: ڈاکٹر یونس صدیقی، عالم اسلام سعودی رویت ہلال کے مطابق حج کرتاہے، برصغیر ہندو-پاک میں رمضان اور عیدین بھی اسی کے حساب منائی جائے۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
تمام عالم اسلام بشمول انڈو پاک،بنگلہ دیش اورنیپال ماہ ذی الحجہ میں سعودی عرب کی رویت ہلال کو تسلیم کرکے حج کرتا ہے اور تمام عالم کے مسلمانوں کو اتحاد و یکجہتی کا عظیم پیغام پہنچاتا ہے، جو اسلام کا مقصد حقیقی اور اللہ رب العزت کا فرمان یکجہتی ہے۔ان خیالات کا اظہارشیخ الہند فقہ اکیڈمی دیوبند کے ناظم اور مولانا آزاد پیرا میڈیکل کالج کے ڈائرکٹر ڈاکٹر یونس صدیقی قاسمی نے پریس کو جاری اپنے ایک بیان کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مسالک اور مذاہب کا اختلاف فروعی ہے اور تمام مسالک و مذاہب کا صرف ایک ہی پیغام ہے کہ اس رب ذوالجلال کا کسی کو بھی شریک نہ ٹھہرایا جائے اور نبی آخری الزماں خاتم النبین کو آخری نبی مانا جائے،ساتھ ہی اس بات کا نہ صرف زبان سے اقرار کیا جائے بلکہ دل سے اس کی تصدیق بھی کی جائے لہٰذا ایسے مسائل جو بنیادی اختلافات کا باعث بن رہے ہیں ان کی کوئی بھی مذہب یا مسلک اجازت نہیں دیتا۔ڈاکٹر یونس صدیقی قاسمی نے کہا کہ تمام عالم اسلام لبیک اللھم لبیک، لبیک لا شریک لک لبیک کہ کر ماہ ذی الحجہ میں بیت اللہ حاضر ہوتا ہے،برصغیر میں اسی طرح ماہ رمضان میں روزے رکھے جائیں اور عیدین بھی سعودی رویت کے حساب سے ہی منائی جائے۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو اپنی انا اور ایگو کا مسئلہ نہ بنائیں اور دنیاوی نام و نمود کے لئے کام نہ کریں بلکہ رضائے الٰہی کے لئے رسول اکرم کی خوشنودی اور ان کی پیروی کے لئے کام کرے جو عین اسلام کے مطابق ہے اور اللہ اور اس کے رسول کا حقیقی پیغام بھی یہی ہے بصورت دیگر امت کے اختلافات اور انتشار کا شکار ہونے کا شدید خطرہ ہے جس کا ہم اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر یونس صدیقی قاسمی نے کہا کہ روز اول سے ہی دنیا میں دو طرح کے نظام رائج ہیں ایک نظام الٰہی اور ایک نظام ابلیسی، اسی تناظر میں شیخ الہند فقہ اکیڈمی یکم جون کو اپنا دوسرا عالمی ویبینار کر رہی ہے جس میں تمام مفتیان کرام اور علماءو فقہا سمیت رویت ہلال کمیٹی کے ممبران عالمی طور پر مدعو ہیں، جس میں وہ اپنی بیش قیمت رائے دیکر رویت ہلال کے اس عالمی مسئلہ کو حل کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کر کے نظام ابلیس کو مات دینے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو اتحاد و یکجہتی کا عظیم پیغام دینے کا کام کریں گے۔ڈاکٹر یونس صدیقی قاسمی نے مفتیان کرام اور علماءو فقہا سمیت رویت ہلال کمیٹی کے ممبران سے عالمی طور پر مذکورہ ویبینار میں رات دس بجے اپنی شرکت کو یقینی بنانے کی اپیل کی ۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر