Latest News

اُم المدارس دارالعلوم دیوبند میں تعلیمی سال کا آغاز، اصلاحی جلسہ میں مولانا سید ارشد مدنی کا طلبہ سے کلیدی خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
جدید داخلوں کی کارروائی کی تکمیل کے بعد آج سے باضابطہ طورپر عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند میں تعلیمی سال کاآغاز ہوگیاہے۔ اس مناسبت سے آج جامع رشید میں ایک اہم اصلاحی جلسہ کاانعقادکیا گیا، جس کی صدارت مہتمم مولانامفتی ابوالقاسم نعمانی نے کی اور نظامت کے فرائض استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری نے انجام دیئے۔ اس دوران جمعیۃ علماءہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کلیدی خطاب کے دوران طلبہ کو اپنے قیمتی پند و نصائح سے نوازتے ہوئے انہیں حالات حاضرہ سے روشناس کرایا اور پوری توجہ اور محنت و لگن کے ساتھ علم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ مولانا مدنی نے اپنے خطاب میں دارالعلوم دیوبند کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اس وقت جہاں بھی دینی خدمات انجام دی جا رہی ہیں وہ براہ راست یا بالواسطہ دارالعلوم دیوبند اور اس کے فضلاء کا توسط سے ہی دی جا رہی ہیں۔ مولانا مدنی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لا یعنی امور سے مکمل اجتناب کرنا چاہئے اور اپنی تمام تر توجہ علم دین کے حصول پر مبذول کرنی چاہئے۔ انہوں نے کتابوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طلبہ کا کتابوں سے تعلق منقطع نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے طلبہ کو محتاط ہوکر زندگی گزارنے کی تلقین کی اور کہاکہ طلبہ عزیز موبائل کے استعمال خاص طورپر سوشل میڈیا سے اجتناب برتیں کیونکہ اس وقت مدارس شرپسندوں کے نشانہ پر ہیں اسلئے اہل مدارس کو بہت احتیاط اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
ناظم تعلیمات مولانا حسین احمد ہریدواری نے طلبہ باالخصوص جدید طلبہ کو ادارہ کے قواعد و ضوابط سمجھاتے ہوئے ان پر عمل کرنے کی نصیحت کی۔ استاذ حدیث مولانا محمد سلمان بجنوری، ناظم دارالاقامہ مولانا منیر الدین قاسمی اور استاذ حدیث مولانا اشرف عباس قاسمی وغیرہ نے بھی اپنے خطاب میں طلبہ کو نہایت کار آمد اورقابل عمل باتیں سمجھائیں۔ آخرمیں مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی قیمتی نصیحتوں اور دعاء کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر