Latest News

ہریالی مشن میں دارالعلوم دیوبند سے تعاون کی اپیل، چیئرمین اور افسران کی مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے ملاقات۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
سوچھ بھارت مشن 2024 کے تحت نگر پالیکا پریشد دیوبند کی جانب سے شہر کو سرسبز و شاداب (ہرا بھرا) بنانے کے لیے شروع کی گئی مہم 'میرا آنگن میری ہریالی' کو کامیاب بنانے کے لیے میونسپل بوڈ چیئرمین اور ایگزیکٹیو آفیسر نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی و دیگر ذمہ دران سے ملاقات کرکے مہم میں تعاون کی اپیل کی،جس کے لئے دارالعلوم دیوبند کی جانب سے میونسپل بورڈ افسران کو مکمل تعاون کی یقینی دہائی کرائی گئی اور مذہب اسلام کے نظریہ سے پیڑ پودوں کی اہمیت بتائی۔
آج شہر چیئرمین وپن گرگ اور ای او ڈاکٹر دھریندر کمار رائے نے دارالعلوم دیوبند کے مہمان خانہ میں پہنچ کر ادارہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اور نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی سے ملاقات کی اور سوچھ بھارت مشن کے تحت چلائی جارہی ہریالی مہم ’میرا آنگن میری ہریالی‘ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اس سلسلہ میں سرکاری کی جانب سے کی جارہی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر دھریندر رائے نے کہا کہ اس مہم کے تحت ہر گھر کے آنگن میں پودا لگانے کے لیے لوگوں کوبیدار کیا جا رہا ہے۔ تاکہ ماحول کو آلودگی سے پاک کیا جا سکے اور آکسیجن کی گھٹتی ہوئی مقدار کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے علمائے کرام اور ذمہ دارانِ دارالعلوم دیوبند سے مہم کی کامیابی کے لیے اپیل جاری کرنے کی درخواست کی۔اس دوران مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اس مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے۔ اسے کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مذہب اسلام میں بھی پیڑ پودوں کی بڑی اہمیت ہے اور ماحول کو کثافت سے پاک رکھنے کے لئے درخت لگانے پر زور دیاگیا، دارالعلوم دیوبند نے ہمیشہ اس مشن کو سامنے رکھ کر کام کیا اور ادارہ میں بڑی تعداد میں پیڑ پودے لگائے جاتے ہیں، اس سلسلہ میں پہلے بھی اپیلیں جاری کی جاچکی ہیں اور آگے بھی لوگوں کو اس کے تئیں بیدار کیا جائیگا۔ اس دوران اشرف عثمانی، میونسپل بورڈممبر وپن تیاگی، سیدحارث، ڈاکٹر واجد، ارجن سنگھل، اقبال انصاری، محمد اسلم، فوڈ انسپکٹر پوپن کمار، سندر لال، محمد اکبر وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر