Latest News

ہونہار طالبہ شگوفہ صابری کا تاریخ ساز کارنامہ، محض ۲۰ سال کی عمر میں بغیر لائن کے کاغذ پر خوش خطی کے ذریعہ پورا کلام پاک تحریر کردیا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عام طور سے انسان اپنے روز مرہ کے معمولات کے مطابق کام انجام دیتے ہیں ،لیکن اس دنیا میں کچھ ایسے افراد بھی ہیں جو ان معمولات سے ہٹ کر بڑے کارنامے انجام دیتے ہیں اور معاشرہ میں اپنی علیحدہ شناخت بناتے ہیں۔ ایسا ہی ایک کارنامہ گنگوہ کے باشندے عبدالکلام صابری کی ہونہار بیٹی شگوفہ صابری نے انجام دیا ہے۔
شگوفہ نے نہایت دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر لائن والے کاغذ پر پورا قرآن شریف تحریر کر دیا۔ گنگوہ کی یہ ہونہار بیٹی ایک آرٹ ڈیزانئر اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے علاوہ خوش خطی کی بھی ماہر ہے۔ کہتے ہیں کہ انسان کے لئے کسی کارنامہ کو انجام دینے کے لئے نہ عمر کوئی معنی رکھتی ہے اور نہ ہی کوئی دوسرے حالات اس کے لئے مانع ہوتے ہیں ۔ کیوں کہ ہر انسان کے اندر لگن اور دلچسپی کے ساتھ کچھ خواہشیں پوشیدہ انداز میں موجود رہتی ہیں جو وقت آنے پر بڑے بڑے پہاڑوں کو چیر کر اپنا راستہ بنالیتی ہے۔ ایسی ہی مثال دیہی علاقوں میں پرورش پانے والی شگوفہ صابری نے پیش کی ہے۔ شگوفہ صابری نے محض 20 سال کی عمر میں خوش خطی کے ذریعہ مکمل قرآن لکھ کر سب کو حیرت زدہ کردیا، جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ قرآن کریم میں 30 سپارے، 114سورتیں اور 6666 آیتیں ہیں۔ اس کے علاوہ عربی زبان میں ہونے کی وجہ سے ہندوستان جیسے ملک میں ہاتھ سے قرآن پاک کو لکھنا نہایت مشکل کام ہے اور خوش خطی کے ذریعہ لکھ لینا نہایت اعلیٰ پیمانے کی کار گزاری ہے۔ شگوفہ صابری کی بہن نے بتایا کہ ان کا خاندان دہرہ دون میں رہتا ہے اور وہیں اس کی بہن شگوفہ صابری نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ بغیر لائن والے کاغذ پر مکمل قرآن کریم لکھنے کا یہ پہلا تاریخی کارنامہ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ دوسال کے عرصہ میں خوش خطی کے ذریعہ کلام پاک لکھ کر یہ کارنامہ انجام دیا گیا ہے۔ شگوفہ صابری نے بتایا کہ دوسال کی محنت سے انہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ اس کلام پاک کے نسخہ کو مکہ مکرمہ لے کر جائیں۔ اتنی کم عمر میں شگوفہ صابری کے اس تاریخی کارنامہ پر ان کے اہل خانہ میں خوشی کا ماحول ہے۔ ان کے والد کاکہنا ہے کہ ان کی بیٹی کا یہ کارنامہ پورے ضلع سہارنپور کے لئے فخر کی بات ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ اگر لگن اور خواہش نیز عزم مصصم کو تو انسان بڑے سے بڑا کارنامہ آسانی کے ساتھ انجام دے سکتا ہے۔


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر