Latest News

مسلم فنڈ کے تحت منعقد سہ روزہ حج تربیتی کیمپ اختتام پذیر، عازمین کو ماڈلز کے ذریعہ دی گئی عملی ٹریننگ، علماءکرام نے بیان کی حج کی عظمت و فضیلت۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
حسب سابق سال رواں بھی حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین کے لئے مسلم فنڈ دیوبند کے تحت منعقد سہ روزہ 30واں حج ٹریننگ کیمپ آج دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مفتی عبدالرزاق امروہوی کی دعاءکے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ کیمپ میں تین یوم تک دیوبند و قرب وجوار کے کثیر تعداد میں مردو خواتین عازمین نے علماءکرام کے بیانات سننے کے ساتھ ساتھ حج کے متعلق اہم معلومات لی اور ماڈلزکے ذریعہ عملی تربیت حاصل کی۔ 
عیدگاہ روڈ پرواقع شیخ الہند ہال میں جمعہ کے روز دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ مولانا سید انظر حسین میاں دیوبندی کی دعاءکے ساتھ شروع ہوئے کیمپ کی مختلف نشستوں میں دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مفتی سید سلمان منصورپوری، معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی، مفتی محمود بلند شہری، مولانا خضر محمد کشمیری، مولانا فرید قاسمی ،مولانا فضیل ناصری نے اپنے بیانات میں حج کی اہمیت اور فرضیت پر مفصل انداز میں روشنی ڈالی اور عازمین کو مبارک سفر کی عظمت سے روشناس کرایا۔
علماءکرام نے کہاکہ حج اسلام کے بنیادی پانچ ارکان میں سے ایک ہے ۔ حج کی فرضیت قرآن کریم، حدیث شریف اور اجماع امت سے ایسے ہی ثابت ہے، جیسا کہ نماز، روزہ اور زکوٰةکی فرضیت ثابت ہے۔ اسلام کے تمام احکام بندوں کے دنیاوی واخروی فوائد پر مبنی ہیں کیونکہ ان کا مقرر کرنے والا عظیم حکمت والا رب کائنات ہے۔مقام خاص کے آداب سمجھاتے ہوئے کہاکہ حاجیوں کا شعار تلبیہ ہے :لبیک اللہم لبیک ۔ گویا لبیک کا ترانہ توحید الٰہی کی شہادت اور عظمت الٰہی کا اعتراف ہے۔اس دوران علماءکرام نے مناسک حج کی ادائیگی اور دیگر تمام فرض و واجبات کو عازمین کو بہت مفصل انداز میں سمجھایااور ارکان کی ادائیگی کے طریقے بتاتے ہوئے ان کی فضیلت بھی بیان کی۔ 
کیمپ کے دوران خاص طورپر رسومات حج،فضاءحج و عمرہ، ارکان حج، اذکار و درود پڑھنے کے برکات، حقوق اللہ و حقوق العباد ،فضائل مدینہ اور عورتین حج کیسے کریںجیسے عنوانات پر بیان ہوئے۔ اس دوران عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی، ڈاکٹر محمدا عظم، ڈاکٹر ذوالفقار اورمولانا دلشاد قاسمی نے کیمپ میں شریک عازمین کو طواف و سعی و دیگر ارکان سے متعلق عملی مشق کرائی۔
جبکہ خواتین کو ڈاکٹر فاطمہ، شائستہ عمیس، کہکشاں، اہلیہ مولانا دلشاد قاسمی اور اہلیہ ڈاکٹر محمد اعظم نے حج کی عملی تربیت دی۔ کیمپ میں خواتین کے لئے الگ سے پردہ کا نظم کیاگیا تھا۔ کیمپ کے اختتام پر تمام عازمین کو ٹریننگ سرٹیفکیٹ اور حج و عمرہ سے متعلق لٹریچر تقسیم کیاگیا۔ کیمپ میں ہر سال کی طرح تمام مردو خواتین کے قیام وطعام کا انتظام مسلم فنڈ دیوبند کی جانب سے کیاگیا تھا۔ اس موقع پر مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی نے بتایاکہ مسلم فنڈ دیوبند کی جانب سے گزشتہ تیس سالوں سے عازمین حج کی تربیت کا یہ سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کیمپ کے اختتام پر تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے علماء کرام اور کیمپ کے معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ دیوبند حج کاونٹر کے کنوینر فہیم صدیقی نے تمام عازمین کو ان کے دستاویزات کے متعلق اہم معلومات فراہم کرائی اور بتایا کہ تمام عازمین حج دوران ِ سفر اپنے تمام دستاویزات ہمہ وقت اپنے ساتھ رکھیں۔ کیمپ کے انعقاد میں مولانا دلشاد قاسمی، عدیل صدیقی، فہیم صدیقی، فیضی صدیقی، ڈاکٹر شہزاد انجم، اسرار احمد، مسعود خاں رانا، عبداللہ شاہ، شمیم احمد انصاری، محمد عارف سمیت دیگر کارکنان نے خصوصی تعاون کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر