Latest News

طلبہ دین کے داعی اور اس کے حقیقی پیامبر بنیں, دارالعلوم زکریا دیوبند میں تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر رئیس الجامعہ مفتی شریف خان قاسمی کا خطاب۔

دیوبند: (سمیر چودھری)
اسٹیٹ ہائیوے پرواقع ممتاز دینی تعلیمی ادارہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں آج ایک دعائیہ مجلس کے ساتھ نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوا۔ اس دوران ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی نے طلبہ کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا اور اکابرین وعلماء کے واقعات سناکر ان کی زندگیوں کو اپنے لئے مشعل ِرہ بناکر حصول علم دین حاصل کرنے کی تلقین کی۔
ادار ہ کی دارالحدیث میں منعقد تقریب کے دوران مفتی شریف خان قاسمی نے درس کا آغاز کیا اور حاضرین طلبہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حصول علم کے لئے آپ کا انتخاب اللہ کی طرف ایک عظیم نعمت ہے، جس کے لئے آپ کو ہر لمحہ باری تعالیٰ کا شکرگزار رہنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کی اشاعت و تبلیغ کے لئے آپ کو منتخب فرمایا ہے اور اکابر و اسلاف کی علمی وراثت کی حفاظت کا فریضہ آپ کے ذمہ عائد کیا ہے۔ آپ اسلاف کے جانشین ہیں، اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خوب و محنت ولگن کے ساتھ علم حاصل کریں اور نمازوں کی پابندی کرتے ہوئے سنتوں کے مطابق زندگی گزاریں۔ انہوں نے طلبہ کو اپنے اندر اخلاص و للہیت پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ لایعنی مشاغل، بے شعوری اور غفلت بالخصوص موبائل کے استعمال سے کلی اجتناب کرتے ہوئے خود کو آنے والے وقت کے لئے تیار کریں، موجودہ دور سخت اور چیلنجز سے بھرا ہواہے اسلئے مدرسہ کی چہار دیواری کے اندر رہ کرا پنی علمی وفنی صلاحیتوں میں نکھارپیدا کریں اور دین کے داعی اور اس کے حقیقی پیغامبر بنیں۔
مفتی شریف خان نے کہاکہ جس علم کو حاصل کرنے آپ یہاں آئے ہیں یہ اکابر و اسلاف کی محنتوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے اور ان کی شبانہ روز تگ ودو اور جد وجہد کے نتیجہ میں ہم تک پہنچا ہے اور یہ آپ سے بھی محنت و جانفشانی کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں نیتوں کی اصلاح ضروری ہے وہیں یہ بھی ضروری ہے کہ آپ وقتا فوقتا اپنی نیتوں کا جائزہ لیتے رہیں کہ کیا آپ کی نیت خالص ہے یا اس میں کھوٹ پیدا ہورہا ہے، ساتھ ہی ادارہ کے اصول وضوابط کا لحاظ رکھیں، حاضری اور اسباق کی پابندی کاخصوصی اہتمام کریں۔ صدر مجلس مفتی شریف خان قاسمی کی دعاء پرتقریب اختتام پذیر ہوئی۔
قبل ازاں پروگرام کا آغاز قاری محمد عمار کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا، نظامت کے فرائض مفتی شاہنواز قاسمی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر شیخ الحدیث مولانا سمیع اللہ، شیخ الحدیث مفتی منتظر الحسن، ناظم تعلیمات مفتی ہارون ہارون قاسمی، استاذ حدیث مفتی شفیع اللہ اور منیجر قاری سلمان سمیت جملہ اساتذہ و طلبہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر