Latest News

شدت کی گرمی میں خوفناک ہوئے آوارہ کتے، مسلسل بچوں اور بڑوں پر کررہے ہیں حملہ، میونسپل بورڈ سے کتوں کو پکڑوانے کی مانگ۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی شہر میں آوارہ کتے بھی خوفناک ہوگئے ،جو بچوں اور بڑوں پر حملہ آور ہورہے ہیں، دیوبند میں مسلسل بڑھ رہی آوارہ کتوں کی تعداد سے بچوں کے ساتھ ساتھ بڑے بھی خوف و دہشت محسوس کررہے ہیں اور گرمی میں یہ کتے انتہائی خطرناک ہورہے ہیںاور لوگوں پر حملے کر رہے ہیں۔سہارنپور ضلع اسپتال کی رپورٹ کے مطابق آٹھ دنوں میں 963 افراد کو آوارہ کتوں نے کاٹا۔ ہر روز 100 سے زیادہ مریض اینٹی ریبیز ویکسین لگوانے کے لیے ضلع ہسپتال آ رہے ہیں۔
دیوبند کے اسپتال میں روزانہ لوگ کتوں کے کاٹنے کے ٹیکے لگوانے آرہے ہیںاور ہر محلہ میں کتوں نے دہشت پھیلا رکھی ہے۔ شہر میں سڑکوں پر کتے گھومتے رہتے ہیں۔ یہ کتے سڑک پر چلنے والے لوگوں پر حملہ کر کے زخمی کر دیتے ہیں۔ رات میں ان کتوں کی دہشت مزید بڑھ جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث کتے جارحانہ رخ اختیا کررہے ہیں۔ کتے کے کاٹنے سے ریبیز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے کتے کے کاٹنے کی صورت میں اے آر وی کا انتظام کرنا چاہیے۔ اس وقت ضلع کا درجہ حرارت 44 ڈگری کے آس پاس ہے۔ دیوبند میںعیدگاہ علاقہ میں آوارہ کتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہاہے اور یہ کتے مسلسل بچوںکو اپنانشانہ بنارہے ہیں۔اتنا ہی نہیں بلکہ بڑے بھی ان سے خوف زدہ ہیں، متعدد مرتبہ مطالبہ کے باوجود نگر پالیکا پریشد دیوبند آوارہ کتوں کو پکڑ نے اور ان پر قدغن لگانے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کررہیں، حالانکہ اس سلسلہ میں میونسپل بورڈ کی جانب سے یقینی دہانی کرائی گئی ہے کہ جلد ی آوارہ کتوں کو پکڑنے کے لئے مہم شروع کی جائے گی۔ 

ادھر ایم پی سنگھ گوڑ چیف ویٹرنری آفیسر نے کہاکہ گرمی بڑھنے سے کتے چڑچڑے ہو جاتے ہیں۔ آوارہ کتوں کو بھی ٹھنڈک کی ضرورت ہوتی ہے لیکن وہ اسے حاصل نہیں کر پاتے۔ ایسے میں کتے بھی پاگل ہو جاتے ہیں اور لوگوں پر حملہ کرتے ہیں،اسلئے بہت احتیاط کی ضرورت ہے اور بچوں کو کتوں کے آس پاس نہ جانے دیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر