Latest News

سہارنپور سے عمران مسعود اور کیرانہ سے اقراء حسن کی تاریخی فتح, مظفرنگر سے ہریندر ملک نے مرکزی وزیر کو دی شکست، پوری کمشنری سے بی جے پی کا صفایا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
پارلیمانی الیکشن 2024 کے آنے والے نتائج میں سہارنپو کمشنری کی تینوں سیٹیوں سہارنپور، مظفرنگر اور کیرانہ میں انڈیا اتحاد کے امیدواروں نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ سہارنپور پارلیمانی سیٹ پر کانگریس کے عمران مسعود نے اپنے قریبی حریف بی جے پی کے امیدوار راگھو لکھن پال شرما کو تقریباً 80 ہزار ووٹوں سے شکست دے کر جیت حاصل کی ہے،جبکہ بی ایس پی کے ماجد علی یہاں تیسرے نمبر پر رہے۔ وہیں دوسری جانب کیرانہ پارلیمانی سیٹ سے سماج وادی پارٹی کی امیدوارچودھری اقرا حسن نے اپنے قریبی حریف بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پردیپ چودھری کو تقریباً 70 ہزار ووٹوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ اسی طرح مظفرنگر پارلیمانی سیٹ سے سماج وادی پارٹی کے امیدوار ہریندر ملک نے بی جے پی کے امیدوار اور مرکزی وزیر سنجیو بالیان کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی ہے۔ 
انڈیا اتحاد کے ان تینوں امیدواروں کی شاندار کامیابی پر پارٹی کارکنان میں زبردست خوشی کا ماحول ہے اور انہوں نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاکر مبارک باد دی۔ دیوبند میں بھی عمران مسعود ، اقرا حسن اور ہریندر ملک کی جیت پر سماج وادی پارٹی کے کارکنان نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاکر جیت کا جشن منایا ۔ محلہ گوجر واڑہ میں بھی اس تاریخی جیت پر خوشیاں مناتے ہوئے سماج وادی پارٹی اور کانگریس پارٹی کے کارکنان نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ شاندار جیت راہل گاندھی اور اکھلیش یادو کی جوڑی کی جیت ہے۔ کانگریس کے صوبائی سکریٹری راحت خلیل ، سعد صدیقی اور سماج وادی پارٹی کے سابق وزیر مملکت راﺅ قاری ساجد کے ساتھ پارٹی کارکنان جمع ہوگئے اور انہوں نے عمران مسعود اور اقرا حسن کی جیت کا جشن منایا ۔ اس موقع پر سعد صدیقی اور راحت خلیل نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی اس جیت کا سہرا علاقہ کے لوگوں کی اس سوچ کا نتیجہ ہے جس کے تحت انہوں نے راہل گاندھی اور اکھلیش یادو کی لیڈر شپ میں اپنا اعتماد اور بھروسہ بنائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ انڈیا اتحاد کے امیدوار عمران مسعود کسی بھی راﺅنڈ میں اپنے قریبی حریف بی جے پی کے امیدوار سے پیچھے نہیں ہوئے جس کی وجہ سے کامیابی کا فرق مسلسل بڑھتا چلا گیا۔ 
جیت کا جشن منانے والوں میں معاذ نبی، شہزاد عثمانی، انوار صدیقی وغیرہ بھی موجود رہے۔ وہیں سابق وزیر مملکت راﺅ قاری ساجد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد نے جس اعتماد اور یقین کے ساتھ یہ الیکشن لڑا ہے اس کی وجہ سے اس پورے علاقہ میں بی جے پی کا صفایا ہوگیا ۔ انہو ںنے کہا کہ پارلیمانی الیکشن کے نتائج کو دیکھتے ہوئے صوبائی حکومت کو بھی استعفیٰ دے کر دوبارہ عوامی اعتماد حاصل کرنا چاہئے۔ جیت کا جشن منانے والوں میں چودھری اطہر، چودھری اظہر، جاوید خان، ارشد قریشی، نوشاد صدیقی، انتخاب صدیقی، چودھری شارق، امجد صدیقی اور سونی صدیقی وغیرہ موجود رہے۔ 
وہیں دوسری جانب دیوبند کے قریبی گاﺅں رن کھنڈی میں عمران مسعود کی حمایت کرنے والے نوجوانوں نے ان کی جیت کا جشن منایا ۔ کسان مزدور سنگھٹن کے ضلع صدر ٹھاکر اجب سنگھ، سکریٹری راج کمار پنڈیر اور دیگر کارکنان نے کہا کہ عمران مسعود کی جیت پروقار انداز میں ہوئی ہے، ان کی اس جیت سے تانا شاہی کی ہار ہوئی ہے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں پارٹی کارکنا موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر