دیوبند: سمیر چودھری۔
موسم کی شدت کے مدنظر دیوبند کی تمام مساجد اور عیدگاہ میں عیدالاضحی کی نماز سویرے وقت میں ادا کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ عیدگاہ وقف دیوبند کے متولی محمد انس صدیقی نے بتایا کہ نماز عیدالاضحی عیدگاہ میں صبح ساڑھے چھ بجے ادا کئے جانے کافیصلہ کیاگیاہے۔ریتی چوک پرواقع مغلوں والی مسجد میں صبح سویرے5:40 بجے عیدالاضحی کی نماز ادا کی جائے گی۔ بعد ازاں دارالعلوم وقف کی اطیب المساجد اور دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں عیدالاضحی کی نماز کا وقت صبح 6:00 بجے طے کیا گیا ہے، جب کہ عیدگاہ دیوبند میں صبح 6:30 نماز عیدالاضحی ادا کی جائے گی اور مرکزی جامع مسجد نماز عیدالاضحی کا وقت صبح 6:45 بجے مقررہے۔ اس کے علاوہ دیوبندکی دیگر مساجد میں مختلف اوقات میں نماز عیدالاضحی اداہوگی۔ انہوںنے کہا کہ عیدقرباں کے موقع پر تین دنوں تک کی جانے والی قربانی کرتے وقت صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ قربانی ہر علاقہ میں اپنے مقررہ مقامات پر کی جائے اور جانوروں کے باقیات و آلائش کو مقامی انتظامیہ اور میونسپل بورڈ کے تعاون سے آبادی سے باہر بھیجا جائے۔ اس سے قبل مقامی افسران ایس ڈی ایم ، سی او دیوبند اور کوتوالی انچارج نے مشترکہ طور پر عیدگاہ وقف دیوبند مرکزی جامع مسجد ، دارالعلوم دیوبند اور دارالعلوم وقف دیوبند کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران افسران نے نماز عیدالا ضحی ادا کئے جانے کے اوقات ضروری انتظامات اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی بندوبست کا جائزہ لیا اور میونسپل بورڈ دیوبند کی جانب سے کرائی جانے والی صفائی ستھرائی اور کئے جانے والے دیگر امور کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔ افسران نے میٹنگ میں موجود تمام ذمہ داران کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے تینوں دن حکومتی گائڈ لائن پر بھی عمل کیا جائے اور کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جس سے کسی دوسرے طبقہ کے مذہبی جذبات مجروح ہوں۔ میٹنگ میں شریک تمام ذمہ داران نے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کئے جانے کی یقین دہانی کرائی۔
0 Comments