Latest News

کل ہند رابطہ مدارس کے اجلاس میں اہم تجاویز منظور، مدارس اسلامیہ کو ملت کے لئے مزید نافع بنایاجائے: مولانا محمد عاقل قاسمی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
کُل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند مغربی یوپی زون نمبر۳ سہارنپور و شاملی کی مجلس عاملہ کی ایک اہم میٹنگ گزشتہ روز یہاں معروف دینی ادارہ جامعة الشیخ حسین احمد المدنی دیوبند میں کیاگیا۔ جس کی صدارت مولانا محمد عاقل قاسمی صدر رابطہ مدارس زون نمبر ۳ نے کی۔ اس دوران ادارہ کے مہتمم مولانا مزمل علی قاسمی نے تمام مہمانوں کاپرُزور خیر مقدم کیا۔ میٹنگ کا آغاز جامعہ کے صدام حسین کی تلاوت و محمد حسنین کی نعت پاک سے ہوا۔ میٹنگ میں نظام تعلیم، اجتماعی امتحانات، آئندہ کے لئے ایک مضبوط لائحہ عمل اور در پیش مسائل پر غور وفکر کرکے ان کے حل کے لئے ضروری اقدامات کئے جانے پر تجاویز منظور کی گئی۔
اس موقع پر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی ناظم رابطہ مدارس زون نمبر 3 نے رابطہ کی گذشتہ مجلس عاملہ اور امتحان کمیٹی کی کارروائی پیش کی اور مجلس عاملہ کی کاروائی بھی چلائی، میٹنگ میں مولانا حبیب اللہ مدنی نگراں امتحان کمیٹی نے گزشتہ اجتماعی امتحانات کی کارکردگی کاجائزہ پیش کیا۔ اس موقع پر مولانا عاقل قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مدارسِ اسلامیہ ملت اسلامیہ کی تعمیر و حفاظت کے اہم ادارے ہیں جو اسلامی علوم وفنون کی تعلیم واشاعت اور دینی تربیت کے لئے کوشاں ہیں۔انھوں نے سال گزشتہ کی زون کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ تمام اراکین نے بہت محنت سے کام کیا ہے ، اسی سبب ہماری کارکردگی پہلے کے مقابلہ میں بہتر ہوئی ہے ، اب ہمیں اسے آگے بڑھانا ہے جو خامیاں ہوئی ان پر غور و خوض کرنا ہے اور آئندہ ہمیں اور اچھے نتائج حاصل ہو اس کے لئے اپنی کوششیں تیز کرنی ہیں۔

دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی ناظم عمومی، مولانا مزمل آسامی، مفتی عمران خانپور، مولانا عبداللہ، مولانا یامین، مولانا اطہر حقانی نے مدارس اسلامیہ میں تعلیم وتربیت عمدہ بنانے، اجتماعی امتحانات میں مزید بہتری پیدا کرنےاور اندرونی نظام میں شفافیت سمیت مدارس کو ملک وملت کے لیے مزید نافع بنانے کے سلسلہ میں اہم تجاویز پیش کیں۔میٹنگ میں طے ہوا کہ رواں سال عربی اول کے ساتھ عربی دوم اور حفظ کے طلبہ کے مشترکہ امتحانات کرائیں جائیں گے۔میٹنگ میںزون کی مجلس عمومی کے اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے بھی آراء طلب کی گئیں اور آئندہ محرم الحرام میں اجلاس مجلس عمومی کے منعقد کئے جانے کی بابت فیصلہ قرار پایا۔ اجتماعی امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کو مجلس عمومی کے اجلاس میں سند شرکت و پوزیشن لانے والے طلبہ کو نقد انعام اور مومینٹو سے نوازے جانے کی تجویز منظور کی گئی۔ مولانا عبد الرحیم مہتمم مدرسہ فیض ہدایت رحیمی رائے پور کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔آخر میں مولانا محمد مزمل آسامی روح رواں جامعة الشیخ حسین احمد المدنی نے تمام اراکین گرامی کا شکریہ ادا کیا۔خصوصی شرکاءمیں مولانا واصف امین جلال آباد، مولانا عبدالواجد ریڑھی، مولانا عابد نانکہ ، مولانا محمد طیب مرزاپور، مولانا محمد اکرم، مولانا محمد ارشد کاندھلہ، مولانا محمد عرفان سنہٹی اور مفتی واصل مرزاپور وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر