Latest News

دارالعلوم وقف دیوبند کی مجلس مشاورت کا یک روزہ اجلاس اختتام پذیر، ادارہ کی تعمیر و ترقی کے حوالہ سے متعدد اہم تجاویز کو منظوری، آن لائن نظام داخلہ کی ستائش۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبندکی مجلس مشاورت کا یک روزہ اجلاس شیخ طریقت حضرت مولانا محمد قمرالزماں الٰہ آبادی کے زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے موقر اراکین مجلس مشاورت نے شرکت کی، اجلاس کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا، نظامت کے فرائض مولانا سید احمد خضرشاہ مسعودی نے انجام دیئے۔ اس موقع پر اراکین مجلس مشاورت نے ادارہ کی تیز رفتار ہمہ جہت ترقیات تعلیمی انضباط اور تعمیری تسلسل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دارانِ ادارہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کی، بالخصوص آن لائن نظام تقسیم فارم کو عصری احوال کے تناظر سراہتے ہوئے ارکین مجلس نے کہا کہ دیگر نظام العمل میں بھی شرعی حدود کا لحاظ رکھتے ہوئے جدید آلات سے استفادہ کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہونچائی جاسکے۔ نیزاس موقع پرمستقبل کے عزائم پر گفت وشنید وباہمی تبادلہ خیال کرتے ہوئے متعدد اہم تجاویز کے ذریعہ مضبوط لائحہ عمل تیار کیاگیا، ساتھ ہی ادارہ کاسالانہ بجٹ بھی منظور کیاگیا۔اس دوران گذشتہ ایک سالہ دورانیہ میںملک وبیرون ملک کی نامور ہستیوں کی رحلت پر تعزیتی قرار داد منظور کرتے ہوئے ان کے لئے دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔

دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے اہتمام کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس میں انہوں نے ادارہ کی ہمہ گیر وہمہ جہت ترقیات کا ذکرکیانیزادارہ میں جاری جملہ تعلیمی وتعمیری سرگرمیوں سے اراکین مجلس کو مطلع کیا۔دارالعلوم وقف دیوبند کے صدرالمدرسین وناظم تعلیمات مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے شعبہ تعلیمات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس میں انہوں نے ادارہ میں تعلیم وتربیت کے باب میں کی گئی اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے امتحان سالانہ، امتحان داخلہ کی تفصیلات کے علاوہ آن لائن نظام تقسیم فارم، نصاب کی تکمیل، حاضری کا اہتمام درجات ثانویہ کا نظام تعلیم، ماہانہ امتحان نیز درجات حفظ وتجوید ودینیات کے نظام تعلیم اور ان سالانہ کارکردگی اور مستقبل کے عزائم پر تفصیل سے گفتگو کی۔ ساتھ ہی عصری نصاب کی شمولیت کو بھی تفصیل سے بیان کیا، دارالعلوم وقف دیوبند کے نائب مہتمم اور حجةالاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا ڈاکٹرمحمد شکیب قاسمی نے حجة الاسلام اکیڈمی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے حجة الاسلام اکیڈمی کے زیر اہتمام گذشتہ ایک سالہ دورانیہ میں ہوئی تحقیقی وتصنیفی سرگرمیوں کی تفصیلات سے حضرات اراکین مجلس مشاورت کو مطلع کراتے ہوئے کہاکہ حجة الاسلام اکیڈمی اپنے اہداف ومقاصد میں کامیابی کی بنائپر ملکی وبین الاقوامی اصحاب علم وبصیرت کے نزدیک پذیرائی حاصل کررہی ہے، اراکین مجلس نے اکیڈمی کی جملہ سرگرمیوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اہم مشوروں سے نوازا۔
بعد ازاں شعبہ تنظیم وترقی کی رپورٹ پیش ہوئی جس میں فراہمی مالیات کیلئے کی گئی کدوکاوش اور جاری جدوجہد سے اراکین کو مطلع کیا گیا،شعبہ تنظیم وترقی کی رپورٹ کے بعد شعبہ محاسبی کی رپورٹ پیش کی گئی، جو کہ سال گذشتہ کے آمد وصرف کی تفصیلات اور آئندہ سال کے بجٹ پر مشتمل تھی، جس کی جملہ اراکین مجلس نے توثیق فرمائی،،مختلف رپورٹ کے مدنظر مفاد ادارہ میں کئی ایک امور پر گفت وشنید اور تبادلہ ¿ خیال ہوا اورمفاد ادارہ میں متعدد اہم تجاویز پیش ہوئیں،جنہیں باتفاق منظور کیا- ارکین مجلس مشاورت نے منجانب ادارہ پیش کی گئی رپورٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ علمی، تعلیمی وفکر ی اقدامات دارالعلوم وقف دیوبند کا ایک اہم امتیاز ہے۔ اس موقع پر ادارہ کے ذمہ داران تمام اہم علمی، تحقیقی وتعمیر ی کام کیلئے قابل مبارکباد ہیں۔اخیر میں صدر مجلس شیخ طریقت مولانا قمرالزماں الہ آبادی نے ادارہ کی سالانہ کارکردگی پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بحمد اللہ یہ ہمہ جہت تعلیمی، تعمیری، تصنیفی وتحقیقی خدمات یقینا اسلاف کی مخلصانہ ومستجاب دعاو ¿ں کا ثمرہ اور ذمہ داران وکارکنان ادارہ کی جہد مسلسل کی عکاس ہے، حق تعالی تمام لوگوں کی خدمات کو قبول فرمائے اور ادارہ کو ترقیات سے سرفراز فرمائے۔اس موقع پر ملک بھر سے تشریف لائے اراکین مجلس شریک رہے۔
 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر