ہریدوار: کانوڑ یاترا کے راستے کے ڈھابوں پر مالکوں کے نام لکھ کر شناخت ظاہر کرنے کا تنازعہ ابھی پوری طرح سے تھم بھی نہیں پایا تھا کہ ہریدوار ضلع انتظامیہ کے ایک اور فیصلے پر ہنگامہ شروع ہو گیا۔ یہاں کانوڑ کے راستے پر پڑنے والی مساجد اور مقبروں کو ترپال سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔ تاہم اپنے فیصلے کے 24 گھنٹوں کے اندر، ہریدوار انتظامیہ نے ترپال کو مساجد اور مقبروں سے ہٹانا شروع کر دیا۔ جمعہ کی شام کو دو پولیس اہلکار کانوڑ یاترا کے راستوں پر پہنچے اور مساجد اور مقبروں کے سامنے سے پردے ہٹا دیئے۔
یہاں جوالاپور کی رام نگر کالونی میں واقع مسجد اور درگا چوک کے قریب واقع مقبرہ کے گیٹ پر ایک بڑا پردہ نصب کیا گیا تھا۔ تاہم اس سے پہلے کانوڑ یاترا کے دوران مسجد اور مقبرے کو ڈھانپا نہیں گیا تھا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ مسجد اور مقبرے کو اس طرح ڈھانپ دیا گیا۔ مقبرہ اور مسجد کے مولانا بھی انتظامیہ کے اس فیصلے سے لاعلم تھے، ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ ان سے اس سلسلے میں کوئی بات نہیں کی گئی جبکہ کانوڑئے کئی دہائیوں سے یہاں سے گزر رہی ہیں اور کانوڑئے بھی مزار کے باہر واقع پیڑ کے سائے میں ارام کرتے ہیں۔ اب انتظامی افسران اس پر بات کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ تاہم کابینہ کے وزیر ستپال مہاراج کا کہنا ہے کہ مسجدوں اور مزاروں کو ڈھانپ دیا گیا تھا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کانوڑ یاترا منظم طریقے سے جاری رہے۔ ستپال مہاراج نے کہا کہ اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ کانوڑ یاترا کے دوران کوئی جوش یا غصہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی تعمیراتی کام ہوتا ہے تو اس کا احاطہ بھی کیا جاتا ہے۔
سمیر چودھری۔
0 Comments