دیوبند: سمیرچودھری۔
کانوڑ کے دوران دکانوں کے باہر نام لکھنے کا معاملہ ابھی پوری طرح ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ دیوبندمیںکانوڑروڈ (دیوبند-منگلور روڑ) پر مانکی گاوں کے مسلم پردھان کے ذریعہ کانوڑیوںکے خیر مقدم میں سبز (ہرا) رنگ کا ہورڈنگ لگانے کا معاملہ گرم ہوگیا۔
گاوں کے پردھان اور ریاستی وزیر کی تصاویر والے ہورڈنگ کو انتظامیہ نے دو بار تبدیل کرادیا اور آخر کار وہاں بھگوا (زعفرانی) رنگ کا بورڈ لگایا۔ گزشتہ روز مانکی گاوں کے پردھان معمورحسن نے دیوبند۔منگلور روڈ پر سڑک کے کنارے کانوڑیوں کااستقبال کرتے ہوئے ہرے رنگ کی ہورڈنگ لگا ئی گئی تھی۔ جس پر انہوں نے اپنی اور ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ کی تصویر لگائی ہوئی تھی۔ پردھان نے الزام لگایا کہ ہورڈنگ کے ہرے رنگ کی وجہ سے انتظامیہ نے اسے ہٹا دیا ہے۔ پہلے اس پر وزیر مملکت کی تصویر لگائی اور بعد میں آئین ساز بابا صاحب بھیم راو امبیڈکر کی تصویر بھی لگائی لیکن اس کے بعد بھی بورڈ کو اتار دیا گیا۔ شام کو انہوں نے بھگوا رنگ کا دوسرا بورڈ تیار کر کے لگایا۔ جس پر نیچے ان کی تصویر اور اوپر بھگوان شیو کی تصویرلگائی گئی ہے۔ معمور حسن نے کہا کہ سبز رنگ کی وجہ سے بورڈ ہٹائے جانے پر انہیں بہت افسوس ہے، جب بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اعظم علی سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اس بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے نہ کوئی بورڈ لگایا گیا اور نہ ہی اتارا گیا۔ اس سلسلہ میں معلومات فراہم کریں گے۔ وہیں ایس ڈی ایم انکورورما نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کوئی بورڈ نہیں بدلا گیا ہے۔
0 Comments