دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند کے محلہ بڑضیاء الحق پر دو حقیقی بھائیوں کی کرنٹ کی زدمیں آکر دردناک موت ہوگئی، دونوں بھائی محلہ میں ہی ایک زیر تعمیر بیسمینٹ میںکبوتر پکڑنے کیلئے گئے تھے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق دوپہر تقریباً دو بجے محلہ بڑضیاءالحق کے باشندہ نوشاد قریشی کے دو بیٹے 15سالہ حذیفہ اور 11سالہ سفیان محلہ میں ایک زیر تعمیر بیسمینٹ میں کبوتر پکڑنے اترے، برسات کی وجہ سے بیسمینٹ میں پانی بھرا ہوا ہے اور اس میں کھڑے پلر سے نکلنے والے لوہے کے سریوں سے بجلی کا تار ٹچ ہوجانے کی وجہ سے کرنٹ پھیلاہواتھا، جس کی وجہ سے پانی میں اترتے ہی حذیفہ اور سفیان کرنٹ کی زد میں آکر بری طرح جھلس گئے، اس دردناک حادثہ کے بعد پورے محلہ میں افراتفری کا عالم پیدا ہوگیاا ور موقع پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی، کچھ لوگوںنے ہمت حوصلہ سے کام لیتے ہوئے بڑی مشکل سے دونوں بچوں کو باہر نکالا اور اہل خانہ کے ساتھ محلہ کے لوگ حذیفہ اور سفیان کو لیکرا سپتال پہنچے لیکن ڈاکٹر وں نے دونوں بچوں کومردہ قرار دے دیا۔ دوسگے بھائیوں کی اچانک اور حادثاتی موت سے پورے خاندان میں کہرام برپا ہوگیا، وہیں محلہ کے ساتھ شہر کاماحول بھی غمگین ہوگیا، اس اندوہناک حادثہ کے بعد شہر کے لوگوں کا نوشاد قریشی کی رہائش گاہ پرتانتا لگاہواہے۔
اطلاع ملنے پر سی او اشوکمار سسودیا اور کوتوالی انچارج سنجیو کمار پولیس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور حادثہ کے سلسلہ میں معلومات حاصل کی۔ سرکاری اسپتال سے دونوں بچوں کی لاشوں کاپنچ نامہ کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے ضلع اسپتال بھیج دیا۔ ایس پی دیہات ساگر جین نے بتایا کہ مذکورہ عمارت کی تعمیر کے لئے بینک سے قرض لیاگیا تھا، لیکن بینک کا قرض ادائیگی نہ ہونے کے سبب کارروائی کرتے ہوئے تعمیر ی کام کو درمیان میں ہی روک دیا گیا تھا۔ وہیں اس سلسلہ میں متوفی بچوں کے والد نوشاد قریشی نے کوتوالی میں تحریر دے کر وقار علی،بسعودعلی اور ذوالفقار کے خلاف رپورٹ درج کرائی ہے۔ تحریرمیں بتایا گیاہے کہ بچے کھیلتے ہوئے بیسمنٹ میں پہنچ گئے تھے، جہاں پانی نکالنے کیلئے پمپ لگا رکھا تھا،جس کی وجہ سے پانی میں کرنٹ آنے سے دونوں بچوں کی موت ہوئی ہے، وہیں لوگوں کا کہناہے کہ اس جگہ پر گاڑیاں کھڑی ہونے کے سبب بچوں کا پانی میں گرِنے کا دیر تک پتہ نہیں چل پایا، برابر والی گلی نکلتے وقت کسی شخص نے دونوں بچوں کوپانی میں گرِا ہوادیکھا، جس کے بعد حادثہ کاعلم ہوا۔ سی او اشوک کمارنے بتایا کہ لاشوں کوپوسٹ ماٹم کے لئے بھیج دیاگیا، واقع کی جانچ کی جارہی ہے۔
0 Comments