دیوبند: سمیر چودھری۔
سہارنپور کے سرساوہ ایئر پورٹ سے جلد ہی مسافر طیارہ اڑان بھرے گا۔ توقع ہے کہ اس علاقے میں زیر تعمیر سول ہوائی اڈے پر جلد ہی مسافرہوائی سفر کریں گے۔ شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت مرلی دھر موہول نے پارلیمنٹ میں اس بارے میں جانکاری دی۔ جس میں بتایا گیا کہ رواں سال کے آخر تک سول ایئرپورٹ پر مسافر پرواز سروس شروع ہو جائے گی۔
دراصل سرساوہ میں 65 ایکڑ رقبے پر تعمیر ہونے والے سول انکلیو میں مختلف عمارتیں اور دیگر شہری سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سول ٹرمینل کی عمارت تقریباً 2000 مربع میٹر میں تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس میں بورڈنگ پاس کاونٹر، شہریوں کے لیے لاونج، کینٹین، دفتر، بیت الخلاءوغیرہ جیسی عمارتیں ہوں گی۔ ٹرمینل کی عمارت کے علاوہ دو طیاروں کے کھڑے ہونے کے لیے 113 فٹ لمبا اور 73 فٹ چوڑا ایپرن(پلیٹ فارم) بھی بنایا گیا ہے۔ٹرمینل بلڈنگ سے ایپرن تک اورایپرن سے فضائی پٹی تک 23 میٹر چوڑا اور 445 میٹر لمبا ٹریک بھی بنایا گیا ہے۔ 50 کاروں کی پارکنگ کے علاوہ اندرونی ٹریفک کے لیے 10500 مربع میٹر سڑکیں بھی تعمیر کی جانی ہیں۔ایئر فورس اسٹیشن کے ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) ٹاور کو سول ٹرمینل کے لیے عارضی طور پر استعمال کیا جائے گا۔ فضائیہ کا فائر اسٹیشن ہنگامی حالات میں خدمات فراہم کرے گا۔ ہوائی اڈے پر مسافر طیاروں کو چلانے کے لیے کوئی رن وے نہیں بنایا جائے گا۔ سول انکلیو کے قریب فضائیہ کے زیر استعمال فضائی پٹی کو مسافر طیاروں کی پروازوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔سول ایئرپورٹ کی تعمیر کا عمل سال 2020 میں شروع ہوا۔ سول انکلیو کی تعمیر کا کام اگلے سال شروع ہوا۔ ابتدائی طور پر تعمیر کی آخری تاریخ جون 2023 مقرر کی گئی تھی۔ جس میں نومبر 2023 تک توسیع کر دی گئی لیکن جولائی 2024 کے بعد سول انکلیو کا تعمیراتی کام ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا۔
0 Comments