Latest News

نسلوں کے ایمان و عقائدکے تحفظ کے لئے فکر مندی ضروری: مفتی ابوالقاسم نعمانی، جامعہ بدرالعلوم گڑھی دولت میں رابطہ مدارس اسلامیہ کے اجلاس میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو انعامات سے نوازا گیا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم علمی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ ہندوستان میں مغلیہ سلطنت کے زوال کے بعد انگریزوں نے ایسا نظام تعلیم نافذ کرنے کی کوشش کی کہ جس سے بچے ذہنی و فکری اعتبار سے اسلام سے بیزار ہوں، دوسری طرف انھوں نے شہیدان وطن کے یتیم بچوں کے لئے عیسائی مشنریوں کا استعمال شروع کیا تاکہ انھیں عیسائی بنایا جاسکے ، ایسے حالات میں نسلوںکے عقیدہ وایمان تحفظ کے لئے دارالعلوم دیوبند اور پھر دیگر اسلامی اداروں کا قیام عمل میں آیا۔مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی صدر کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند بطورمہمان خصوصی آج جامعہ بدر العلوم گڑھی دولت میں منعقدہ مجلس عمومی رابطہ مدارس اسلامیہ مغربی یوپی زون 3 کے علماءو ذمہ دارانِ مدارس سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے حکومت کے ذریعہ غیر منظور شدہ مدارس کو بند کرائے جانے کی کوششوں پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ قانونی طور پر ہمیں یہ حقوق حاصل ہیں کہ ہم اپنے تعلیمی ادارے چلا سکیں، اس لئے ضروری ہے کہ مدارس والے مدرسے کی ملکیت کے کاغذات درست رکھیں، ہر مدرسے کا رجسٹریشن ضروری ہے، اسی طرح آمد و صرف کا حساب صاف و شفاف رکھیں۔انھوں نے ذمہ داران مدارس کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مدارس صرف طلبہ کو تعلیم دینے کے لئے ہی نھیں ہےں بلکہ عوام کی اصلاح پر بھی توجہ دیں اور ان کے عقائد کو مضبوط کرنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔
قبل ازیں جامعہ کے روح رواں مولانا محمد عاقل قاسمی مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ بدر العلوم گڑھی دولت و صدر رابطہ مدارس مغربی یوپی زون نمبر 3 نے اجلاس کے اہداف و مقاصد بیان کئے اور تمام مہمانان کرام و ذمہ داران مدارس کا استقبال کیا۔ نیز انھوں نے خطبہ صدارت پیش کرتے ہوئے سابقہ سالوں کی کارگزاری پیش کی اور زون کی پوری صورتحال اور آئندہ کے لئے لائحہ عمل تمام ذمہ داران مدارس کے سامنے پیش کیا۔ 
بعد ازاں مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی سکریٹری رابطہ مدارس زون 3 نے موجودہ حالات اور سلگتے مسائل کی جانب تمام ارباب مدارس کی توجہ مبذول کرائی ، نیز انھوں نے وقف بورڈ کے مسئلہ پر گفتگو کی اور علماءکو اس جانب متوجہ کرایا۔مولانا سید حبیب اللہ مدنی نے اساتذہ و ذمہ داران کی صفات اور ان کے طرز زندگی پر روشنی ڈالی ،ساتھ ہی مدارس کے خارجی و داخلی نظام کو مضبوط بنائے جانے اور آپسی اختلاف ختم کرنے پرزور دیا۔مفتی شریف خان ناظم عمومی مغربی یوپی زون 3 معلم کی ذمہ داری و صفات پر سیر حاصل گفتگو کی۔
آخر میں بدست علماءمشترکہ امتحانات میں پوزیشن لانے والے طلبہ کو نقد اِنعامات و سند سے نوازا گیا۔اجلاس میں ضلع سہارنپور و شاملی سے تمام مربوط مدارس کے ذمہ داران و مندوبین حضرات نے شرکت کی اور اجلاس سے مستفید ہوئے۔ خصوصی شرکاء مولانا عبد الرحیم ، مفتی مزمل علی قاسمی دیوبند، مولانا عبداللہ، مولانا کوثر نمائندہ مولانا عمر، مولانا عبدالواجد نمائندہ مولانا جمشید، مولانا یامین، مفتی محمد عمران، مولانا اطہر حقانی، مولانا عابد نمائندہ مولانا عتیق الرحمن، مفتی افضال نمائندہ قاری محمد فیضان، مولانا محمد اکرم، مولانا محمد عرفان اور مفتی واصل نمائندہ مولانا عبد الرشید، مفتی میزان نمائندہ مفتی خالد، مولانا عاقل نمائندہ مولانا عامر اور مولانا شاہد وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر