Latest News

حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے شعبہ اسکل ڈیولپمنٹ کے تحت طلبہ و اساتذہ کو ڈرائیونگ سکھانے کافیصلہ۔

کانپور: فضلائے مدارس کو انگریزی زبان و ادب سکھانے والے شہر کے معروف ادارے حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ کانپور کی جانب سے وقت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اساتذہ و طلباء کو شعبہ اسکل ڈیولیپمنٹ کے تحت ڈرائیونگ سکھانے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے ادارہ کے چیئرمین مفتی عبدالرشید قاسمی نے کہا کہ مولانا متین الحق اسامہ قاسمی علیہ الرحمہ نے فضلاء مدارس کو جدید علوم و فنون سے واقف کرانے اور ان کے اندر خود اعتمادی، ہمت و حوصلہ پیدا کرنے کیلئے اس ادارہ کی بنیاد رکھی تھی۔ آج الحمدللہ یہ ادارہ جدید تقاضوں کو سامنے رکھ کر اپنی ترجیحات و ہدف طے کررہا ہے۔ ادھر کافی وقت سے یہ ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ تمام طلباء کو موٹر سائیکل اور کار چلانی آنی چاہئے تاکہ زندگی کے کسی بھی مرحلہ میں انہیں محتاجگی کا احساس نہ ہو، اللہ کے فضل سے آج ادارہ نے باقاعدہ اس کی شروعات کردی ہے اور اب تعلیم و تربیت کے ساتھ ہر طالب کیلئے ڈرائیونگ سیکھنے کا انتظام بھی کردیا گیا ہے۔
ادارہ کے نائب چیئرمین و ڈائریکٹر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ اسلام ایک عالمگیر اور آفاقی دین ہے اور ہر مسلمان کیلئے اس قسم کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے لئے ڈرائیونگ سیکھنے کے بے شمار فوائد ہیں۔ ڈرائیونگ سیکھنے کے بعد طلبہ کو اپنی نقل و حرکت میں آزادی ملتی ہے اور وہ خودمختار ہو جاتے ہیں۔ اپنی گاڑی استعمال کر کے طلبہ ٹرانسپورٹ کے مسائل سے بچا سکتے ہیں اور وقت کی بچت کر سکتے ہیں۔ ڈرائیونگ سیکھنے سے طلبہ کو ہنگامی حالات میں خود کو یا دوسروں کو مدد فراہم کرنے کی صلاحیت حاصل ہوتی ہے۔ اپنی گاڑی ہونے سے طلبہ اپنی سوشل لائف کو بہتر بنا سکتے ہیں اور مختلف سرگرمیوں میں شرکت کر سکتے ہیں۔ مولانا نے امید ظاہر کی کہ دیگر تعلیمی ادارے بھی اس سے رہنمائی لیکر جدید تقاضوں کے پیش نظر کوئی مثبت اقدام کریں گے۔ 

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر