Latest News

مظاہرعلوم کا سالانہ بجٹ تقریباً آٹھ کروڑ روپیہ منظور، جامعہ کی تعلیمی، انتظامی اور مالی امور سے متعلق اہم تجاویز کی منظوری کے ساتھ شوریٰ کا اجلاس اختتام پذیر۔

دیوبند: سمیرچودھری۔
معروف علمی دانش گاہ جامعہ مظاہرعلوم کے تعلیمی ،مالی اور دیگر انتظامی امور کو طے کرنے کے لئے حسبِ معمول شوریٰ کا یک روزہ اجلاس گزشتہ روز مدرسہ کے دارالمشورہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت شاہ حکیم محمد کلیم اللہ علی گڑھی نے کی اور بحیثیت سکریٹری مدرسہ مولانا مفتی سید محمد صالح الحسنی نے اجلاس کی کارروائی چلائی ، سب سے پہلے سابقہ کارر وائی کی خواندگی کے بعدپیش آمدہ مسائل پر غور و خوض کے بعد ارکان شوریٰ نے اس کی توثیق کی۔مولانا عبدالعلیم فاروقی اور مفتی سید محمد خالداستاذ مدرسہ کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی اور تجویز تعزیت منظور کی گئی۔مفتی سید محمد خالد صاحب ناقل فتاویٰ کے انتقال کے بعد ان کی جگہ پر مفتی لیاقت مظاہری کا تقرر منظور کیا گیا۔سالانہ آڈٹ رپورٹ بابت 2023-24ء کی سماعت ہوئی اور ارکان شوریٰ نے اس پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ سالانہ بجٹ بابت 1446ھ کے لئے توکلاً علی اللہ سات کروڑ نواسی لاکھ اسی ہزار روپئے کے بجٹ کو شوریٰ نے منظوری دی ۔مجلس تعلیمی کی تجاویز کی سماعت کے بعد ان کو منظوری دی گئی ۔سالانہ کارکردگی سفراءپر مجلس شوریٰ نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
مولانا سید محمد شاہد الحسنیؒ کی کوششوں سے قائم ہوئے شعبہ ترتیب فتاوی کی رپورٹ پیش ہوئی، ارکان شوریٰ نے اب تک ہوجانے والے کام کو ملاحظہ کیا اور اور اطمینان کا اظہاراور شعبہ کے لئے مزید تجاویز منظور کی گئیں۔ناظم مکاتب مولانا مفتی سید محمد صالح الحسنی نے مکاتب دینیہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ،ارکان شوریٰ نے اسے تحسین کی نظر سے دیکھا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔مدرسہ مظاہرعلوم سے متعلق اوقاف بالخصوص وقف ناظر حسن کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ،مجلس شوریٰ نے وقف کمیٹی کے ارکان پر اطمینان کا اظہار کیا اور کمیٹی کو اجازت دی کہ اوقاف کے تحفظ اور ان کی ترقی کے لئے جو ضروری اور مناسب کارروائی اور قانونی چارہ جوئی کی جارہی ہے وہ سلسلہ جاری رکھیں اور وقف سے ہمدردی کے نام پر جو لوگ اوقاف کا استحصال کررہے ہیں اور محافظین اوقاف کو بدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں وہ انتہائی ناپسندیدہ عمل ہے ، وقف کمیٹی کے سکریٹری مولانا اسعد حقانی اور رکن مولانا سید محمد ساجد کاشفی نے جس حوصلہ کے ساتھ ان سازشوں کا دفاع کیا ہے ،ارکان شوریٰ ان کی مساعی جمیلہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی تحفظ اوقاف کے لئے یہ حضرات اپنی بے لوث خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔مولانا محمد عارف ابراہیمی،مولانا مفتی سید معصوم ثاقب رائے چوٹی، مفتی سبیل احمد چنئی، مولانا عبدالقوی حیدرآباد، مولانا روح الحق تمل ناڈ، مولانا سید محمد عاقل سہارنپور،حاجی محمد ابراہیم منیار سورت، مولانا سید محمد ساجد کاشفی سہارنپور، مفتی سید محمد صالح الحسنی شریک اجلاس رہے۔ صدرمجلس حکیم محمد کلیم اللہ علی گڑھ کی دعا ئپر مجلس کا اختتام ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر