Latest News

دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کا سہ روزہ اجلاس آج سے، بجٹ اور اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا امکان۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالم اسلام کی ممتاز و معروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کا سہ روزہ مجلس شوریٰ کا بجٹ اجلا س آج(پیر) کی صبح سے ادارہ کے مہمان خانہ میں منعقد ہوگا، جس میں ملک کی منتخب سرکردہ شخصیات (اراکین شوریٰ) شرکت کرینگیں۔
اجلاس میں ادارہ کے بجٹ میں اضافہ کئے جانے کا قومی امکان ظاہر کیا جارہاہے، کیونکہ گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل مہنگائی کے بڑھنے کے سبب تجویز کردہ بجٹ ناکافی ہورہاہے، جس کے سبب اس بار بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کا امکان ہے۔ جس کو لیکر ادارہ کے ذمہ داران بھی گزشتہ کئی روز سے تیاریوں میں مصروف ہیں۔واضح رہے اس وقت دارالعلوم دیوبند کا سالانہ بجٹ چالیس کروڑ سے زائد ہے۔ وہیں اس مرتبہ اساتذہ وملازمین کی تنخواہوں میں بھی حسب معمول اضافہ اور تعلیمی و تربیتی امور میں مزید پختگی و متعدد تعمیرات امور کو ہری جھنڈی ملنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔
میٹنگ میں جہاں تعلیمی، تعمیری ،تنظیم و ترقی ،محاسبی اور دیگر اہم امور و شعبہ جات کی رپورٹیں پیش کی جائیں گی، وہیں بجٹ کے متعلق نہایت اہم فیصلہ لیا جاسکتاہے، کیونکہ اس بار بجٹ کو کافی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ وہیں رکن شوریٰ مولانا عبدالعلیم فاروقیؒ کے انتقال پر تعزیتی قرار داد پیش کرنے کے بعد ان کے انتقال سے خالی ہوئی جگہ پر کسی دیگر شخصیت کا انتخاب بھی عمل میں آسکتاہے۔
واضح رہے کہ دارالعلوم دیوبند میں سال میں دو مرتبہ شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوتاہے، صفر المظفر میں بجٹ جبکہ شعبان المعظم میں تعلیمی اجلاس منعقد ہوتاہے،پیر کی صبح نو بجے سے ادارہ کے مہمانہ خانہ میں شروع ہونے والے شوریٰ کا یہ اجلاس بدھ کی دوپہر تک جاری رہے گا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر