دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم علمی دانشگاہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے انتہائی اہم اعلان کیا گیا ہے، جس سے دور حدیث شریف کے طلباء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اعلان کے مطابق سال رواں دورہ حدیث شریف میں زیر تعلیم کچھ خوش نصیب طلبہ کو عمرہ کا مبارک سفر کرنے کی سعادت نصیب ہوگی، جس کے لیے باقاعدہ قرعہ انداز ی کے ذریعے طلبہ کا انتخاب عمل میں آئے گا، اس کے لیے ادارے کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی کی جانب سے اعلان جاری کیا گیا ہے، جس میں 10 روز کے اندر طلبہ کو اپنے پاسپورٹ کی کاپی جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس کے بعد دور حدیث شریف میں زیر تعلیم طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور آج پہلے روز سے ہی پاسپورٹ جمع کرانے کا سلسلہ شروع بھی ہو گیا ہے۔ وہیں جن طلبہ کے پاس پاسپورٹ نہیں ہیں وہ بھی ایمرجنسی میں اپنا پاسپورٹ بنوانے کی تک و دو میں لگ گئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ عمرے کا سفر 40 یوم کا ہوگا جس میں مکمل ماہ رمضان بھی شامل رہے گا، یقیناً اس قراندازی میں جن طلبہ کا نام آئے گا وہ بڑے ہی خوش نصیب ہوں گے۔ حالانکہ اعلان میں عمرہ کرنے والے طلباء کی تعداد ظاہر نہیں کی ہے۔
آج 18 اگست بروز اتوار کے روز دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلان میں کہا گیا ہے کہ "دورہ حدیث شریف کے طلبہ کرام کو اطلاع دی جاتی ہے کہ ۲۵ شعبان ۱۴۴۶ سے ۱۵ شوال المکرم ۱۴۴۶ ھ تک کل چالیس یوم کے لیے ایک صاحب خیر کچھ طلبہ کرام کو عمرہ کے مبارک سفر پر بھیجنا چاہتے ہیں۔ اس لیے جن طلبہ کرام کے پاس پاسپورٹ موجود ہوں اور عمرہ پر جانا چاہتے ہوں ، تو وہ اپنے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی دس یوم کے اندر شعبہ خرید و فروخت میں جمع کر دیں۔ قرعہ اندازی کے بعد جانے والے طلبہ کے ناموں کا اعلان کر دیا جائیگا"۔
نوٹ: طلبہ اپنا موبائل نمبر پاسپورٹ کی کاپی پر ضرور لکھیں۔
مولانا عبدالخالق مدراسی کے اس اعلان کے بعد دورہ حدیث شریف کے طلبہ میں خوشی لہر دوڑ گئی اور طلبہ اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے۔
سمیر چودھری۔
0 Comments