سہارنپور: تحصیل بہٹ علاقہ میں واقع معروف دینی درسگاہ جامعہ رحمت (عربک کالج) گھگھرولی میں آل انڈیا ملی یوتھ آرگنائزیشن و شعبہ دینی تعلیم ملی کونسل کے زیر اہتمام آج جشن یوم آزادی کی مناسبت سے ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں قومی پرچم لہرانے کے ساتھ عوام و طلبہ کو جنگ آزادی میں علماء کی قربانیوں اور ان کی خدمات سے روشناش کرایا گیا۔
پروگرام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی اور وطن عزیز سے محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طلبہ جامعہ کی جانب سے اردو،عربی ہندی اور انگریزی تقریریں نیز قومی گیت و ترانے پڑھے گئے جن میں آزادی کی جدوجہد، وطن سے محبت اور اس کی ترقی کے لئے قربانیوں کا ذکر کیا گیا۔
مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی کنوینر ملی یوتھ آرگنائزیشن نے اپنے کلیدی خطاب میں مجاہدین آزادی کی مختصر تاریخ بتاتے ہوئے باشندگان ملک کے حقوق پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کچھ شر پسند عناصر ملک کو ایک غلط رخ دینا چاہتے ہیں اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق سلب کرلینا چاہتے ہیں جس کے لئے بیداری ضروری ہے۔
انھوں نے آگے کہا کہ آج ہم وطن کی آزادی کے لئے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں۔ مسلمانوں نے اپنے خون اور جان کی قربانی دے کر اس وطن کو آزاد کرایا۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ہم اس ملک کی ترقی میں سب کو ساتھ لیکر چلیں، اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کی حفاظت ہو اور تمام طبقات کے ساتھ برابری کی بنیاد پر آگے بڑھیں۔ ہمارا مقصد ایک ایسا ملک بنانا ہے جہاں ہر شہری کو برابری اور انصاف ملے، اور ہم سب مل کر اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔"
مہمان خصوصی شایان مسعود سابق وزیر یو۔پی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آزادئ وطن میں علماء کے کردار کو مختصر طور پر بیان کیا، انھوں نے گنگا جمنی تہذیب کو اس ملک کی بقا کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک آپسی بھائی چارے ، امن و امان ہی سے ترقی کرے گا اور اسی کو لیکر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر، تمام مہمانوں، شرکاء اور طلبہ و اساتذہ نے وطن کے استحکام و ترقی کے لئے اپنے عزم کو دوہرایا اور ایک دوسرے کو ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
پروگرام کا آغاز قاری محمد ندیم استاذ کی تلاوت پاک و اسد گورکھپوری متعلم کی نعت نبی سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمد سلمان قاسمی استاذ نے انجام دئے، قاری محمد مستقیم کریمی کی دعا پر پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔
شرکاء میں بالخصوص صوفی محمد اکرام ،مستقیم، سلیم پور، قاری محمد ارشاد، قاری عالیشان،قاری عبدالستار، ندیم بھائی، قاری محمد نعمان، مستری امجد، چودھری یونس، انکت، ڈاکٹر راجیش،چودھری ہاشم، چودھری عبد القیوم پردھان، چوھدری طالب ، چودھری فاروق روگلہ، عابد سلمانی، ،محمود امیر، صادق گھگھرولی وغیرہ کے علاؤہ بستی کے لوگ اور جامعہ کے اساتذہ و تمام طلبہ شریک رہے۔
0 Comments