دیوبند: سمیر چودھری۔
عالم اسلام کی عظیم دینی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اپنی روحانی مجلس میں’اسلامی عقائد و معلومات‘ نامی کتاب کے انگریزی ایڈیشن کا اجراء کرتے ہوئے کہاکہ اسلام میں عقائد کو بنیادی حیثیت حاصل ہے،عقائد پر کامل ایمان رکھنے والا شخص ہی مسلمان ہوتاہے۔ انہوں نے مزید فریا یا کہ دور حاضر میں رائج الوقت زبانوں میں کتابیں لکھنا وقت کا تقاضا ہے، اسی نظریہ سے یہ کتاب اردو ہندی اور انگریزی تینوں زبانوں میں شائع کی گئی ہے۔انہوں نے کہا عہد طفولیت میں ہی بچوں کو اسلامی عقائد سے روشناس کرا دینا چاہیے کہ اسی میں خیر ہے اور یہی بچوں کے درخشاں مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا توحید و رسالت آسمانی کتابوں،فرشتوں،تمام پیغمبروں،مرنے کے بعد کی زندگی، روز قیامت اور اچھی بری تقدیر پر ایمان لانا لازمی ہے۔انہوں نے کہا نفع ونقصان کا مالک خالق حقیقی ہے۔ ہر انسان اپنی بساط بھر کوشش کیا کرتا ہے لیکن ہوتا وہ ہے جو اللہ چاہتا ہے۔مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اسلامی تاریخ اور مشاہدات کے حوالہ سے کہا خیر امت جب بھی بد عقیدگی میں مبتلا ہوئی ہے ،تبھی کسی بڑی پریشانی سے دوچار ضرور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا علمائے کرام کا یہ فرض منصبی ہے کہ وہ اسکول اور کالجز میں پڑھنے والے طلبہ کو بھی عقائد سے روشناس کرائیں، کیونکہ بچے قوم کی امانت ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا عقیدے کے تعلق سے تمام چھوٹے بڑے مدارس کے نصاب میں کتابیں شامل ہونی چاہئیں۔اسی طرح جو بڑی عمر کے لوگ ہیں ،ان کے لیے تعلیم بالغان کے حوالہ سے مکاتب کا سلسلہ قائم ہونا چاہیے۔ ہمارے ائمہ مساجد اس سمت میں اہم رول ادا کر سکتے ہیں۔
مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی نے اپنی مجلس کے آغاز میں کبر اور عجب کے حوالہ سے بھی بیان کیا اور کہا خود کو بڑا سمجھنے اور دوسرے کو کمتر سمجھنے کے نظریہ کو اسلام مذہب نے پوری طرح مسترد کیا ہے۔کتاب کے مصنف اور مجلس تحفظ ختم نبوت دار العلوم دیوبند کے نائب ناظم مولانا شاہ عالم گورکھپوری نے کہا یہ انگریزی ایڈیشن رومن طرز پر لکھا گیا ہے،جس میں الفاظ اردو کے ہیں اور رسم الخط انگریزی کا ہے۔ مجلس حضرت مہتمم صاحب کی دعاء پر اختتام پذیر ہوئی۔
0 Comments