جمعیت علماء تحصیل رامپور منیہاران کے کارکنان نے آج جمعہ کے روز علاقہ میں لوگوں کو وقف ترمیمی بل کے سلسلہ میں بیدار کیا اور جے پی سی کو رائے بھیجنے کا طریقہ سمجھاتے ہوئے حکومت کے آئین مخالف اس قدم کی سخت مذمت کی۔
جمعیت علماءہند کی مجلس منتظمہ کے رکن وجامعہ دعوت الحق معینیہ چررھو رامپور منیہاران کے ناظم اعلیٰ مولانا شمشیر قاسمی کی قیادت میں جمعیۃ علماء ہند کے کارکنان نے آج علاقہ میں مختلف مقامات کا دورہ کرکے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ و دیگر تنظیموں کی اس مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور لوگوں کو بیدار کرتے ہوئے اوقاف کی اہمیت سے روشناس کرایا۔ اس موقع پر مولانا شمشیر قاسمی نے کہا کہ حکومت ہند اس ترمیمی بل کو لاکر ہماری ان جائیدادوں پر جو ہمارے اجداد نے مسلمانوں کی فلاح و بہبود گی کے لئے وقف کی تھی ان پر قابض ہونا چاہتی ہے، جو کسی بھی مسلمان کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ حکومت ترمیمی بل کے ذریعہ مسلمانوں کے قیمتی اثاثہ کو برباد کرنا چاہتی ہے جو آئین کے منافی ہے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کو ای میل کے ذریعہ اس سیاہ بل کی مخالفت کر بیداری کا ثبوت دینا چاہئے۔ اس دوران جمعیۃ کی ٹیم نے جمعہ کی نماز کے دوران علاقہ کی متعدد مساجد میں اس بل کے سلسلہ میں بیداری پیدا کرتے ہوئے اس کی مخالفت کرنے کی اپیل کی۔جمعیة کی اپیل پر بڑی تعداد میں عوام الناس نے نے وقف ترمیمی بل کو مسترد کرتے ہوئے جے پی سی کو ای میل کے ذریعہ اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور ملی تنظیموں کے اس مشترکہ اعلامیہ کو تقویت بخشی۔ اس موقع پر مولانا شمشیر قاسمی کے علاوہ مولانا ثوبان، مولانا عبدالقاد ر،مولانا منور، قاری شوقین الحسنی، قاری عابد ،حافظ انس ،محمد صائم وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments