Latest News

خواتین کو دوبارہ ملے گی دارالعلوم میں آمدو رفت کی مشروط اجازت، انتظامیہ کے رخ میں نرمی، مگر تاہنوز پابندی برقرار، نئے قوانین کو دی جارہی حتمی شکل۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالمی شہرت یافتہ دینی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند میں خواتین کی آمدپر پابندی تاہنوز برقرار ہے ،حالانکہ اب انتظامیہ نے اس سلسلہ میںنرمی اختیار کی ہے اور کئی نئے قوانین کو حتمی شکل دے کر خواتین کو دوبارہ دارالعلوم دیوبند میں آمدو رفت کی مشروط اجازت دینے پر غورو فکر کیا جارہاہے۔
ادارہ کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے سوشل میڈیا پر وائرل خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ ابھی تک پابندی ہٹائی نہیں گئی ہے بلکہ انتظامیہ کچھ نئے قوانین بنانے پر غو کررہی ہے ،جس کے بعد ہی خواتین کو دارالعلوم دیوبند میں آمدو رفت کی مشروط اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ سال رواں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ نے طلبہ کی بہتر تعلیم و تربیت کے لئے کئی نئے قوانین نافذ کئے تھے تاکہ طلبہ کی مکمل توجہ پڑھائی کی طرف گامزن رہے۔مگر ادارہ میں مسلسل آنے والی خواتین کی بھیڑ کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم بھی کہیں نہ کہیں متاثر ہو رہی تھی۔ اتنا ہی نہیںکچھ خواتین بغیر پردے کے ادارہ میں آکر ریل وغیرہ بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کررہی تھیں، جو ادارہ کی بدنامی کاباعث بن رہا تھا،مسلسل اس طرح کی شکایات ملنے کے بعد اور دیگر تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے اسی سال 17 مئی کو ادارے میں خواتین کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی۔ جس کی وجہ سے دارالعلوم دیکھنے کی خواہش رکھنے والی خواتین کو مایوسی ہوئی تھی، مگر اب ایک مرتبہ پھر انتظامیہ نے اپنے موقف میں نرمی برتتے ہوئے خواتین کو دوبارہ ادارہ میں داخلہ کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیاہے ،حالاکہ ابھی اس فیصلہ کو عملی جامہ نہیںپہنایاگیا بلکہ اسکی شرائط اور قوانین بنائے جارہے ہیں۔
مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ ادارہ میں خواتین کے داخلے پر تاہنوز پابندی برقرار ہے مگر دوبارہ اس فیصلہ پر غور کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے نئے قوانین بنائے جا رہے ہیں۔ جس کے بعد خواتین کو کچھ شرائط کے ساتھ ادارے میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔بتایا جارہاہے انٹر ی کارڈ لیکر محرم کے ساتھ ہی خواتین یہاں آسکے گیں، ساتھ ہی موبائل اور فوٹوو ویڈیو گرافی وغیرہ پر پابندی رہے گی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر