دیوبند: سمیر چودھری۔
بزرگوں کی مشہور و قدیم خانقاہ رائے پور کے مدرسہ کے بزرگ استاذ قاری عبداللہ کا آج طویل علالت کے بعد دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا،وہ تقریباً 69 سال کے تھے، ان کے انتقال پر علمی حلقوں کی فضاءمغموم ہوگئی۔ عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اور خانقاہ رائے پور کے سربراہ الحاج شاہ عتیق احمد سمیت سرکردہ علماء کرام نے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے اظہار رنج وغم کیا۔
خانقاہ رائے پور کے مدرسہ کے قدیم استاذ قاری عبداللہ گزشتہ کچھ عرصہ سے علیل تھے اور ان کا علاج دہلی میںچل رہاتھا،جہاں آج صبح ان کا انتقال ہوگیا۔ جسد خاکی کو ان کی رہائش گاہ محلہ خانقاہ دیوبند میں لایا گیا،جہاں کثیر تعداد میں علماءو سرکردہ شخصیات نے پہنچ کر تعزیت مسنونہ پیش کی۔ مرحوم نہایت نیک بزرگ صفت شخصیت کے مالک کے تھے، جن کی زندگی درس و تدریس میں گزری ہے، اکابرین دیوبند اور بزرگان دین سے گہری انسیت اور تعلق رکھنے والے مرحوم قاری عبداللہ عرصہ سے خانقاہ رائے پور میں علمی و اصلاحی خدمات انجام دے رہے تھے۔بعد نماز عشاءاحاطہ مولسری دارالعلوم دیوبند میں مرحوم کی نماز جنازہ اداکی گئی، بعد ازیں مزار عابدی میں تدفین عمل میں آئی۔ ان کے انتقال پر عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی، نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی، نائب مفتی راشد اعظمی، دارالعلوم وقف کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی، خانقاہ رائے پور کے سربراہ الحاج شاہ عتیق احمد، استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری نقشبندی، دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی، جامعة الشیخ حسین احمد مدنی کے مہتمم مولانامزمل علی قاسمی، عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی، مولانا شاہ عالم گورکھپوری، قاری آفتاب قاسمی، مولانا بدرالاسلام قاسمی، قاری طیب قاسمی، قاری ممتاز احمد قاسمی، آل انڈیا ملی کونسل کے سکریٹری مولانا و ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی، سماجی کارکن نجم عثمانی وغیرہ سمیت سرکردہ علماءکرام اور خانقاہ رائے پور کے اساتذہ نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و الم کااظہارکرتے ہوئے تعزیت مسنونہ پیش کی۔ پسماندگان میں چھ بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
دوسری جانب جامعۃ الشیخ الحسین احمد مدنی دیوبند کے استاد مولانا عباد اللہ قاسمی کے والد کا بھی علالت کے باعث آج محلہ خانقاہ میں واقع کہنی مسجد سے متصل رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال پر جامعۃ الشیخ حسین احمد مدنی کے مہتمم مولانا مزمل علی قاسمی سمیت سرکردہ علماء نے اظہار رنج و غم کیا اور پسماندگان سے تعزیت مسنونہ پیش کی۔ جامعۃ الشیخ میں مرحوم کے لیے دعائے ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔ بعد نماز عشاء احاطہ مو لسری میں مفتی ابوالقاسم نعمانی نے قاری عبداللہ اور مولانا عباد اللہ قاسمی کے والد کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کرائی۔
0 Comments