دیوبند: سمیر چودھری۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز وارانسی سے ورچول طورپر سرساوہ سول ہوائی اڈے کا افتتاح کیا۔ وزیر انچارج سنیل کمار شرمااور وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ سمیت ضلع کے عوامی نمائندوں نے ایئر پورٹ پر موجودرہے ، تاہم ابھی مسافر طیاروں کی پرواز کا شیڈول جاری نہیںہواہے۔لیکن بتایا گیاہے کہ کچھ پروازیں یہاں سے پانچ نومبر کو شروع ہوجائینگے، ایئر پورٹ افسران کا دعویٰ ہے کہ سہارنپور سے کچھ ہی دنوں بعد پہلے گورکھپور، کشی نگر، لکھنو، وارانسی اور دہرہ دون کے لئے اُڑانیں شروع ہوسکتی ہیں، اس کے بعد دہلی اور دیگر شہروں کےلئے سرساوہ ایئر پورٹ سے پروازیں شروع ہونگی، ایئر پورٹ کے افتتاح سے جہاں مسافرین کو راحت اور خوشی محسوس ہورہی ہے وہیں ابھی تک باضابطہ طورپر فلائٹ شیڈول سامنے نہ آنے کے سبب ابھی مسافرین کومزید انتظار کرنا ہوگا۔
ادھر اس سلسلہ میں سہارنپور کے سابق لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ سہارنپور میں سول ہوائی اڈے کے افتتاح پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے تاجروں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی راحت ملے گی۔ سابق ایم پی حاجی فضل الرحمن نے کہا کہ انہوں نے اپنے پارلیمانی دور میں شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا سے پارلیمنٹ میں مطالبہ کیا تھا کہ سہارنپور کے سول ہوائی اڈے کی تعمیر جلد شروع کی جائے اور یہاں سے مختلف مقامات پر آمدورفت کی سہولت فراہم کی جائے۔ ملک کی ریاستوں میں پروازیں شروع کی جائیں، سابق رکن اسمبلی حاجی فضل الرحمان نے کہا کہ ان کے مطالبے پر مرکزی حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ جلد ہی سہارنپور ایئرپورٹ کی تعمیر کا کام مکمل کرکے یہاں سے فضائی خدمات شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے کے افتتاح کے موقع پر حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ سہارنپور ہوائی اڈے کی تعمیر کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا اور قوی امید ہے کہ جلدی ہی یہاں سے پروازیں شروع ہوجائینگے، جس سے تاجروں اور عام مسافرین کو راحت ملے گی۔
0 Comments