دیوبند: سمیر چودھری۔
گستاخِ رسول یتی نرسمہا نند سرسوتی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے لئے جمعیة علماءتحصیل رامپور منیہاران نے صدر جمہوریہ کومیمورنڈم بھیجا اور اس قسم کی نفرتی اور غیر انسانی سرگرمیوں کے خلاف فوری طور پر ٹھوس کارروائی کامطالبہ کیا۔
آج بعد نماز جمعہ جمعیة علماء تحصیل رامپور منیہاران کے کارکنان نے تحصیل صدر مفتی عارف مظاہری اور جمعیة علماءہند کی مجلس منتظمہ کے رکن مولانا شمشیر قاسمی کی قیادت میں تحصیل پہنچ کر ایس ڈی ایم رامپور منیہاران سریندر کمار کو صدر جمہوریہ ہند کے نام ایک میمورنڈم سونپا اور مطالبہ کیا کہ حال ہی میں غازی آباد (یو پی) کے ڈاسنا دیوی مندر کے چیف پجاری یتی نرسمہا آنند سرسوتی کی طرف سے رحمتِ عالم حضرت محمدﷺکے بارے میں قابل اعتراض اور گستاخانہ بیان دیاگیا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔
میمورنڈم میں کہاگیا ہے کہ بدنام زمانہ گستاخِ رسول یتی نرسمہانند مسلسل اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی پھیلاتا ہے، جو ملک میں فرقہ وارانہ نفرت کو بھڑکانے کی کوشش ہے جو ملک کے امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔یتی نرسمہانند کے اشتعال انگیز اور توہین آمیز ریمارکس کے لیے فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے اور تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے قابل اعتراض ویڈیو ہٹانے اور مذہبی شخصیات کے خلاف ایسے خطرناک مواد اور نفرت انگیز تقاریر کو پھیلانے کی اجازت دینے کے لیے ان پلیٹ فارمز کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے حکومت کو ہدایت دینے کی مانگ کی۔ میمورنڈم دینے والوں میں مولانا عثمان، مولانا عمیر ،گل صنور، فیضان، مولانا ثوبان، مولانا عبدالقادر، قاری تنویر، قاری سفیان، ذاکر، فیصل ایڈووکیٹ، حاجی نواب، سرور، گلفان، سلمان، مستقیم، سہیل، عتیق، آزاد، اسلام، آصف، زبیر، مجیب الرحمن حاجی عمران، صابر، وسیم، نور محمد، فیروز وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments