دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند میں بھیم آرمی کارکنان کی قیادت میں نوجوانوں نے گستاخِ رسول کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کوتوالی پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے کوتوالی انچارج کو گستاخ رسول کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کے لئے تحریر دی۔ تحریر میں کہا گیا ہے کہ مذہب اسلام کے پیغمبر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ مباکہ میں گستاخی سے پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کے مذہبی جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں،پیغمبر اسلامﷺمسلمانوں کے نبی اور عالم انسانیت کے لئے امن و سلامتی کا مظہر ہیں، لیکن کچھ یتی نرسمہا نند جیسے لوگ اپنی گندی ذہنیت کی وجہ سے اس ملک کا ماحول خراب کرنے کے لئے ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق نہایت نازیبا الفاظ کااستعمال کرکے ہندو سماج کے لوگوں کو بھڑکانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یتی نرسمہا نند نے انسانیت کے علمبردار اورنبی آخر الزماںﷺ کی شان میں ناقابل برداشت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی گندی ذہنیت کا مظاہرہ کیا۔
شکایتی تحریر میں کہا گیا ہے مذکورہ شخص سماج میں نفرت پھیلانے اور لوگوں کو آپس میں لڑاکر ملک کے امن و شانتی کو تباہ کرنے کی سازش کررہاہے۔ نرسمہا نند کی اس غلیظ حرکت سے ان کے مذہبی جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔ احتجاج کرنے والے نوجوانوں نے کوتوالی انچارج سنجیو کمار کو تحریری شکایت دینے کے بعد کوتوالی احاطہ سے ریتی چوک ، بازار سرسٹہ، دارالعلوم چوک، مسجد رشید اور محلہ خانقاہ کے علاوہ متعدد مقامات سے احتجاجی مارچ کیا اور گستاخ رسول کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ ا احتجاج کرنے والوں میں بھیم آرمی کے شہر صدر اسلام کے ساتھ شہر کے نوجوان بڑی تعداد میں شریک رہے۔
0 Comments