Latest News

مولانا ندیم الواجدیؒ ممتاز عالم دین اور معروف علمی شخصیت تھے، مولانا ندیم الواجدی کے انتقال پر دارالعلوم دیوبند کا اظہار تعزیت۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالمی شہر یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے مولانا ندیم الواجدی کی وفات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کی گئی۔ آج ادارہ کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی نے مولانا مرحوم کے صاحبزادے مفتی و ڈاکٹر یاسر ندیم الواجدی کو تحریر کردہ تعزیت نامہ میںدارالعلوم دیوبنداورمہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی جانب سے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے والد بزرگوار دیو بند کے ممتاز عالم دین اور معروف علمی شخصیت حضرت مولانا ندیم الواجدی ؒ کے سانحہ ارتحال ہم خدام دار العلوم دیو بند اسا تذہ، طلبہ و کارکنان کو بے حد صدمہ پہنچا۔ 
مولانا مرحوم کے لیے آج دارالعلوم دیو بند میں ایصال ثواب کا اہتمام کرایا گیا ہے۔ مرحوم ایک علمی گھرانہ سے تعلق رکھتے تھے۔ مولانا مرحوم نے بہت سے علمی دینی و سماجی خدمات انجام دی ہیں آپ ایک نامور ادیب و صحافی اور درجنوں کتب کے مصنف بھی ہیں، مولانا کے قائم کردہ دار الکتاب دینی وعلمی کتب کا ایک نامور ادارہ ہے اور علمی دنیا میں مقبولیت حاصل کیے ہوئے ہے۔ آپ کے علمی کارناموں میں معہد عا ئشہ صدیقہ للبنات رہائشی ادارہ ہے جو کامیابی کے ساتھ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آج بھی کام کر رہا ہے اور کثیر تعداد میں لڑکیاں دینی و عصری علوم سے آراستہ ہو رہی ہیں۔ والد کے سایہ کا سر سے اٹھ جانا آپ کے لیے اور دیگر اہل خانہ کے لیے بڑا حادثہ اور صدمہ ہے، اس صدمہ کی گھڑی میں ہماری طرف سے تعزیت مسنونہ قبول فرمائیں۔ اللہ تعالی سے دعاءہے کہ وہ مولانا مرحوم کی تمام دینی علمی و سماجی خدمات کو قبول فرماکر مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور جوار رحمت میں قرب خاص نصیب فرمائے۔ آپ کو اور تمام اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر