Latest News

مولانا ندیم الواجدیؒ ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، مولانا ندیم الواجدی کی رحلت پر اہالیان دیوبند کی جانب سے تعزیتی جلسے کاانعقاد۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
معروف عالم دین، سیرت نگار اور کہنہ مشق ادیب مولانا ندیم الواجدیؒ ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ تصنیف و تالیف کے علاوہ عوامی حلقوں اور دیوبند کی علمی ادبی، سماجی اور ملی سرگرمیوں میں سرگرم رہتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے گزشتہ شب اہالیان دیوبند کی جانب سے شیخ الہند ہال میں منعقدہ تعزیتی جلسہ میں کیا۔ انہوں نے اپنے قدیم دوستانہ روابط کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا ندیم الواجدی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 
اجلاس کی صدارت شیخ القرا قاری ابوالحسن اعظمی نے کی۔ جبکہ نظامت کے فرائض آل انڈیا ایجوکیشنل موومنٹ کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے انجام دیئے۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ نے مولانا ندیم الواجدیؒ کے سانحہ ارتحال پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پُر ہونا نہایت مشکل ہے۔ انہوں نے مولانا مرحوم کی ظاہری نفاست، سلیقہ شعاری، گفتار و رفتار اور ہر چیز میں ان کے امتیازات کو خصوصی وصف قرار دیا۔ مولانا احمد خضر شاہ نے کہا کہ مرحوم کی وفات جس طرح دیارِ غیر میں ہوئی ہے ، حدیث مبارکہ کی روشنی میں اس کو شہادت قرار دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کی ذات سے امید ہے کہ مرحوم کو ایسے درجہ شہادت پر فائز کردیا ہوگاجس کی تمنا ہر مومن کرتا ہے۔ قبل ازیں ڈاکٹر تابش مہدی نے مولانا ندیم الواجدی سے اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اپنے تاثرات بیان کئے اور مرحوم کو خداداد فطری صلاحیتوں کا مالک قرار دیا۔ علاوہ ازیں دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث مفتی محمد عارف قاسمی، مرحوم کے بھائی مولانا حکیم ساجد الواجدی، مولانا نوید قاسمی، نوجوان عالم دین مولانا مہدی حسن عینی قاسمی، نوجوان قلم کار عبدالرحمن سیف وغیرہ نے بھی مولانا مرحوم حیات و خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ 
جلسہ کا آغاز قاری عمیر الٰہی عثمانی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ قاری ابوالحسن اعظمی کے صدارتی خطاب اور دعائے مغفرت کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔اس دوران منتظم جلسہ سہیل صدیقی منیجر مسلم فنڈ یوبند اورسید وجاہت شاہ کی ایما پر ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے مولانا کی ہمہ جہاتی شخصیت کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالنے کے لئے ایک سیمینار منعقد کرنے کی تجویز پیش کی جس کو سامعین نے متفقہ طور پر منظوری دی۔ اس موقع پرعیدگاہ وقف سکریٹری محمد انس صدیقی، جاوید انصاری، مولانا قدر الزماں قاسمی، مولانا صدر الزماں قاسمی، سلیم احمد عثمانی، سلیم قریشی، ضرار بیگ، سعید انصاری، نجم عثمانی، خلیل خاں، ڈاکٹر یونس، قاری فوزان، مولانا بدرالاسلام، فہیم صدیقی، سمیر چودھری، عارف عثمانی، فیصل عثمانی، حافظ عمر الٰہی سمیت شہر کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر