دیوبند: سمیر چودھری۔
بنگلور میں منعقد آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے 29ویں اجلاس کے موقع پر بورڈ کے صدر فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جنرل سکریٹری مولانا شاہ فضل الرحیم مجددی، سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی، مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، مولانا سید بلال عبدالحی الحسنی ندوی، مولانا ڈاکٹر یاسین علی عثمانی، مولانا عبیداللہ خاں اعظمی، مولانا سید محمد ولی فیصل رحمانی، سید سعادت اللہ حسینی، سید قاسم رسول الیاس اور پروفیسر ریاض عمر وغیرہ کے ہاتھوں مغیثی کیلنڈر 2025ء مطابق- 47 -1446ھ کا رسم اجراء عمل میں آیا۔
اجلاس میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو دوبارہ آئندہ مدت کے لیے متفقہ طور پر صدر منتخب کیا گیا، جس پر ملت کی مختلف اہم شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کی۔آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے رکن تاسیسی اور مجلس عاملہ کے رکن مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی (قومی صدر آل انڈیا ملی کونسل) نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی قیادت بورڈ کی عظمت اور اتحاد کا مظہر ہے۔ ان کا دوبارہ انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ بورڈ ان کی فکری بصیرت اور عملی خدمات پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ وہ اپنی قیادت کے ذریعے ملت کو مزید استحکام اور رہنمائی فراہم کریں۔
جامعہ رحمت (عربک کالج)، گھگھرولی کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے نو منتخب صدر اور اراکین بورڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا انتخاب پورے ملک کے لیے ایک خوش آئند اور بابرکت فیصلہ ہے۔ ان کی قیادت میں بورڈ مزید مضبوط اور متحد ہوگا۔
0 Comments