Latest News

جمعیۃ علماء ہند کے وفد کا مدنی مسجد کشی نگر کا دورہ، انصاف کی بحالی کے لیے قانونی اور آئینی جدو جہد ضروری، وفد نے کہا کہ جمعیۃ ہر طرح سےان کے ساتھ کھڑی ہے۔

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے مشرقی اتر پردیش کے ضلع کشی نگر کے قصبہ ہاٹا میں واقع مدنی مسجد کا دورہ کیا جو حال ہی میں انتظامیہ کی کارروائی کے نتیجے میں بلڈوزر کا نشانہ بنی تھی۔وفدنے حاجی شاکرو دیگر ذمہ داران مسجد سے تفصیلی گفتگو کی اور مسجد کی موجودہ صورتحال، انہدام کی وجوہات اور اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیااور ذمہ داروں کو صبر و استقامت کی تلقین کی اور کہا کہ اس آزمائش کے وقت ہمیں اللہ پر کامل بھروسہ رکھتے ہوئے قانونی و آئینی راستے سے انصاف حاصل کرنے کی کوشش کرنی ہوگی۔
ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور قانونی طور پر ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برس جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت میں سپریم کورٹ میں بلڈوزر کارروائیوں کے خلاف ایک طویل قانونی جنگ لڑی گئی تھی، جس کے نتیجے میں سپریم کورٹ نے غیر قانونی انہدامی کارروائیوں پر روک لگانے کا حکم دیا تھا ۔اس کے مدنظر مدنی مسجد کا انہدام صرف ایک مسجد کا نقصان نہیں، بلکہ یہ انصاف، قانون اور عدلیہ کے احترام پر حملہ ہے۔ یہ معاملہ اب دوبارہ سپریم کورٹ میں ہے جہاں سے انصاف کی امید کی جارہی ہے۔ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے اہلِ علاقہ کو تسلی دی کہ جمعیۃ علماء ہند ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ مظلوموں کی آواز بنی ہے اور آئندہ بھی اپنے اس منہج پر قائم رہے گی۔
اس موقع پر ناظم عمومی کے ساتھ مولانا معراج احمد قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء دیوریا) قاری ارشاد ثاقبی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کشی نگر)، حافظ محمد ذکی، مفتی عبدالرحمن صاحب (نائب صدر جمعیۃ علماء دیوریا)، مفتی ظہیر الحق (ناظم اصلاح معاشرہ)، مولانا عبدالباری، مولانا شمشاد، مولانا عرفان، حاجی شاکر، حافظ زبیر، حافظ شفیع اللہ سمیت دیگر علاقائی ذمے داران موجود تھے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر