Latest News

ذکر اللہ قرب الہی کا بہترین ذریعہ ہے، خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی رمضان کے پہلے جمعہ کی نماز، مولانا سید ارشد مدنی نے ذکر کی اہمیت اور مفتی عفان منصور پوری نے عشرہ اول کی عظمت پر روشنی ڈالی، متعدد مساجد میں علماء کا خطاب، بازاروں میں رونق، حفاظتی نقطہ نظر سے افسران اور پولیس رہی موجود۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
آج رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کی نماز روزہ داروں نے دیوبند کی متعدد مساجد میں پہنچ کر ادا کی۔ دارالعلوم دیوبند کی قدیم تاریخی مسجد چھتہ میں نماز جمعہ کے بعد جمعیۃ علماء ہند کے قائد اور معروف عالم دین مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے خطاب کے دوران جمعہ کے دن کی فضیلت اور ذکر و اذکار اہمیت پر روشنی ڈالی۔ دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے خصوصی خطاب کے دوران ہر مسلمان کو رمضان المبارک کی قدر کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک جیسی عظیم نعمت سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماہ صیام کے ہر ہر لمحہ کی قدر کرنی چاہئے اور توبہ و استغفار کرکے اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار نا چاہئے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ سب کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ وہ تمام دنیاوی برائیوں سے اپنے دامن کو بچا کر صراط مستقیم پر چلنے کا اپنے آپ کو عادی بنائیں گے۔ مولانا ارشد مدنی نے کثرت ذکر پر خاص زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں رمضان کے ساتھ ساتھ اپنی پوری زندگی میں ذکر و اذکار کا معمول بنا لینا چاہیے، ذکر اللہ قرب الہی کا سب سے بہترین ذریعہ ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ جمعہ کے دن ہر لمحہ اللہ کی رحمت ناز ل ہوتی ہے، رمضان المبارک اور جمعہ دونوں بڑے قیمتی ہیں اسلئے اس پورے ماہ میں اور خاص طور پر جمعہ کے روز زیادہ سے زیادہ عبادت میں مشغول رہنا چاہئے۔ مولانا ارشد مدنی نے کثرت سے عبادت اور ذکر واذکار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے کام آنے والوں اور نیکی کے راستہ پر چلنے والوں کو ہی اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت میں اجر عظیم سے نوازتے ہیں۔
دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں معروف عالم دین مولانا مفتی عفان منصورپوری نے نماز جمعہ ادا کرائی، بعد ازیں اپنے بیان میں کہا کہ رمضان المبارک میں ہمیں اللہ کی بار گاہ میں سر بسجود ہوکر توبہ واستغفار کرنے کے ساتھ اپنی مغفرت کی دعائیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینہ میں اللہ تبارک وتعالیٰ کا دربار ہر وقت کھلا ہوا ہے کسی بھی وقت اللہ تعالیٰ سے توبہ استغفار کرکے اپنے گناہوں کی معافی مانگ لینی چاہئے۔ مفتی عفان منصور پوری نے عشرہ اول کی اہمیت اور فضیلت بیان کی اور کہا کہ ہم لوگوں کو رمضان میں خوشنود الٰہی حاصل کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ عبادت کرنی چاہیے۔ دارالعلوم وقف دیوبند کی اطیب المساجد میں ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے نماز جمعہ ادا کرائی اور اپنے خطاب میں رمضان المبارک کی اہمیت وفضیلت سے متعلق بیان کیا اور امن عالم کے لئے دعاء کرائی۔ دیوبند کی مرکزی جامع مسجد میں پیش امام نماز جمعہ ادا کرائی۔ اس کے علاوہ جامع مسجد پٹھانپورہ، مسجد خانقاہ، مسجد عالیشان، مسجد کمال شاہ، قاضی مسجد اور قدیم مسجد سمیت شہر اور دیہات کی سبھی مساجد میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی گئی اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن وسلامتی کی دعائیں کی گئیں۔ اس دوران کچھ مسجدوں میں نماز قبل خطیبوں نے روزہ اور نماز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے رمضان المبارک میں کثرت سے عبادت کرنے کی نصیحت کی۔ جگہ کی کمی اور نمازیوں کی تعداد بہت زیادہ ہونے کے باعث بہت سی مساجد میں چھتوں پر نماز ادا کرنے کے انتظامات بھی کئے گئے۔ وہیں دوسری جانب دیوبند کے قرب وجوار و دیہی علاقوں کی مساجد میں بھی نماز جمعہ اداکی گئی۔ نماز کے بعد روزہ داروں اور عقیدت مندوں نے دیوبند کے بازاروں میں پہنچ کر جم کر خریداری کی۔ دیوبند میونسپل بورڈ کی جانب سے مساجد کے آس پاس صفائی ستھرائی کے انتظامات اور چونا چھڑکنے کا اہتمام کیا گیا۔ وہیں پولیس کی طرف سے بھی سکیوریٹی کے معقول بندوبست کیے گئے تھے، مسجد رشید، مرکزی جامع مسجد خانقاہ چوک سمیت متعدد علاقوں میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ اس دوران ایس ڈی ایم یوراج سنگھ سمیت سی او اور انسپیکٹر و دیگر افسران موجود رہے۔ 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر