آگرہ: مسجد نہر والی سکندرا کے خطیب محمد اقبال نے آج خطبہ جمعہ میں لوگوں کو اپنے وطن سے محبّت کے بارے میں بات کی ، انھوں نے سب سے پہلے ترمذی کی حدیث نمبر 3925 بیان کی جس میں کہا گیا ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ سے محبت کا اظہار فرمایا : “ اللہ کی قسم ! تو اللہ کی زمین میں سب سے بہتر اور مجھے سب سے زیادہ محبوب ہے اگر میری قوم نے مجھے یہاں سے نہ نکالا ہوتا تو میں کبھی نہ نکلتا ۔ “ اس سے وطن کی محبت کا پتہ چلتا ہے ، پہلگام کے حملہ کے بعد پورے ملک میں اس وقت مسلمانوں کو ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے جوکہ بہت ہی تکلیف دہ بات ہے ، مگر قابل تحسین بات یہ ہے کہ مسلمانوں کی طرف سے اس کا کوئی رد عمل نہیں ہے ، یہ بہت اچھی بات ہے ، اسلام ہمیں ہر حال میں صبر کی تعلیم دیتا ہے ، کوئی کچھ بھی کہتا رہے مسلمان اپنے وطن سے محبت کرتا ہے ، نفرت آپ کی طرف سے ہو رہی ہے ہم کو محبت سکھائی گئی ہے اس لیے ہم اپنے وطن سے اور آپ سب سے محبت ہی کریں گے ، کیونکہ اسلام متوازن حب الوطنی کی حمایت کرتا ہے جو عدل ، امن ، اور فلاح عامہ کے لیے ہو ، وطن سے محبت فطری عمل ہے اور اسلامی اخلاق کے دائرے میں رہ کر باعث ثواب ہو سکتی ہے ، اس لیے ہمیں کسی بھی نفرتی عمل کا یا بات کا جواب نہیں دینا ہے ، ہمارے لیے سب سے بہتر صبر کرنا ہے ، اور اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے ، تو آپ کا رب آپ کے ساتھ ہے یہ ہی سب سے بڑی بات ہے ، ہم ان تمام برادران وطن کے لیے دعا کرتے ہیں جو اس وقت نفرتی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اللہ سبحانہ تعالیٰ ان کو ہدایت عطا فرماے، آمین ۔
0 Comments