Latest News

علم و صلاحیت کی دولت بھی زکوٰۃ کی متقاضی ہے: پروفیسر اسلم پرویز۔ تعلیم نسواں کے میدان میں نواز گرلز پبلک اسکول کی خدمات قابلِ تقلید ہیں: پروفیسر ویملا وائی۔قومی سطح پر طالبات کا ممتاز کامیابی حاصل کرنا اسکول کے معیار اور تعلیمی سنجیدگی کا مظہر ہے: مكل گوئل۔ نواز گرلز پبلک اسکول دیوبند کی طالبات کی نمایاں کامیابی پر شاندار اعزازی تقریب کا انعقاد، مہمانوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔ 
معروف عصری تعلیمی ادارہ نواز گرلز پبلک اسکول دیوبند میں سی بی ایس ای بورڈ کے حالیہ نتائج میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں ادارہ کے احاطہ میں گزشتہ شب ایک شاندار اعزازی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملک کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور طالبات کی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب میں اترپردیش کے سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکل گوئل مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، جبکہ صدارت ماں شاکمبری یونیورسٹی سہارنپور کی وائس چانسلر پروفیسر ویملا وائی نے کی۔ کلیدی خطاب سابق وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد پروفیسر اسلم پرویز کا ہوا۔ اس موقع پر سینئر ٹی وی صحافی سنجے شرما نے بھی خصوصی طور شریک رہے۔ اسکول کی طالبہ ولیہ دختر عبدالرشید نے بارہویں جماعت میں قومی سطح پر چوتھی اور خدیجہ انصار دختر انصار الٰہی نے ساتویں پوزیشن حاصل کر کے ادارے اور علاقہ کا نام روشن کیا اور ولیہ ضلع ٹاپر بنی ہے۔ ان نمایاں کامیابیوں پر دونوں طالبات کو اسکول کی جانب سے مہمانوں کے ہاتھوں بالترتیب ۲۱ ہزار اور ۱۱ ہزار روپے کے چیک، شال اور سپاس نامہ پیش کر کے ان کا اعزاز کیا گیا۔ مزید ۹۰ فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرکے ممتاز کامیابی حاصل کرنے والی ہائی اسکول اور انٹر کی تمام طالبات کو ۵۱۰۰۔۵۱۰۰ روپئے کے چیکس دیے گئے۔ ہائی اسکول کی دو طالبات عافیہ صالحہ اور زوبیہ آباد نے ۹۸۰۲ فیصد نمبرات کے ساتھ مشترکہ طور پر اسکول ٹاپ کیا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہائی اسکول کی ۳۷ اور انٹرمیڈیٹ کی ۱۸ طالبات نے اپنے متعلقہ مضامین میں ۱۰۰ میں سے ۱۰۰ نمبر حاصل کر کے غیر معمولی تعلیمی معیار کا ثبوت دیا۔ جن کی مہمانوں نے خوب ستائش کی۔ ہائی سکول اور انٹر میں اسکول کی تمام طالبات نے فرسٹ ڈویژن سے کامیابی حاصل کرکے اسکول کا نام روشن کیا۔ جنہیں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر ويملا وائی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ نواز گرلز پبلک اسکول دیوبند تعلیمِ نسواں کے میدان میں جو مثالی خدمات انجام دے رہا ہے، وہ نہ صرف قابلِ تعریف بلکہ قابلِ تقلید بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے تاکہ ہماری بیٹیاں تعلیمی میدان میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے اس تعلیمی معیار کے مزید تعلیمی اداروں کی ضرورت پر زور دیا۔ سابق ڈی جی پی مکل گوئل نے طالبات کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج ثابت کرتے ہیں کہ بچیاں سنجیدگی، محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور وہ ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر نواز دیوبندی اور تمام طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر طالبات کا ممتاز کامیابی حاصل کرنا یقینا اسکول کا معیار اور تعلیمی سنجیدگی کا مظہر ہے جس کے لیے تمام اساتذہ اور ذمہ داران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سینیئر ٹی وی صحافی سنجے شرما نے کہا کہ لڑکیوں کی یہ کامیابیاں پورے ملک کی بیٹیوں کے لیے باعثِ ترغیب ہیں۔ انہوں نے طالبات کو صحافت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا بیٹیوں کے لیے ڈاکٹر، انجینیئر اور سائنٹسٹ کے ساتھ زندگی کے اور بہت سارے شعبے ہیں جہاں ہماری بیٹیاں نمایاں کارہائے نمایاں انجام دے سکتی ہے۔ انہوں نے خصوصیت سے کہا کہ صحافت کے میدان میں بھی بیٹیوں کے لیے بہت گنجائش ہے کہ وہ صحافت کے میدان میں آئیں اور اپنی خدمات سے ملک اور قوم کی خدمت انجام دیں۔ اپنے کلیدی خطاب کے دوران پروفیسر اسلم پرویز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو جو قوتیں اور صلاحیتیں عطا کی ہیں، جب تک وہ ان کو دوسروں تک منتقل نہیں کرتا، ان کا حق ادا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ علم و صلاحیت کی دولت بھی زکوٰۃ کی متقاضی ہے اور اس کی زکوٰۃ یہ ہے کہ ہم اپنے علم کو دوسروں تک پہنچائیں، یعنی اس کے ذریعے خدمتِ خلق انجام دیں۔ اگر ہم نے خود علم حاصل کیا ہے تو ہمارا فریضہ ہے کہ ہم اسے دوسروں کو سکھائیں۔ پروفیسر اسلم پرویز نے سائنسی مثالوں کے ذریعے اپنی بات کو مدلل انداز میں پیش کیا اور ان کی مطابقت قرآن حکیم سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن اور سنتِ نبوی بھی یہی پیغام دیتے ہیں کہ جو علم و صلاحیت ہمارے پاس ہے، اگر ہم اسے دوسروں تک منتقل نہیں کرتے تو وہ علم محدود ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آپ کا پڑوسی، آپ کے عزیز و اقارب اور ملک کے دیگر افراد آپ کے علم و قابلیت سے فائدہ نہ اٹھا سکیں، تب تک آپ کا علم ادھورا ہے۔ پروفیسر اسلم پرویز نے اس موقع پر ڈاکٹر نواز دیوبندی کی تعلیمی خدمات، بالخصوص تعلیمِ نسواں کے میدان میں ان کی محنت و اخلاص کی دل کھول کر ستائش کی اور کہا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نواز گرلز پبلک اسکول سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات ایک دن چاند ستاروں کی طرح پوری دنیا میں روشن ہوں گی۔ 
قبل ازاں طالبات نے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور تعلیم کے موضوعات پر بہترین تقاریر اور نغمات پیش کیے۔ "ہر میدان فتح" اور "ہندوستان ہمارا" جیسے نغموں پر پیش کردہ پروگراموں کو سامعین نے بے حد سراہا اور طالبات کی کارکردگی پر زور دار تالیوں سے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ اس موقع پر کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے حب الوطنی پر مبنی ایک خصوصی پروگرام بھی پیش کیا گیا، جس نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ اسکول کے بانی و سرپرست ڈاکٹر نواز دیوبندی نے تمام کامیاب طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اللہ کے فضل، اسٹاف کی محنت اور طالبات کی لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور قصبات کی بچیاں بھی اگر منصوبہ بندی، دیانتداری اور محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں تو کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں رہ سکتیں۔ انہوں نے اپنی بیٹیوں کو کہا کہ آپ کی یہ منزل نہیں بلکہ زندگی کا ایک موڑ ہے کامیابی کی منزل ابھی بہت دور ہے آپ اور محنت کریں اور جدوجہد کریں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ نواز گرلز پبلک اسکول آپ کی مدد اور رہنمائی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے تمام شرکاء اور مہمانوں کا استقبال کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض اسکول کی طالبات نے انگریزی زبان میں انجام دیے۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں شہر کے سرکردہ لوگوں نے شرکت کی اور طالبات کو مبارکباد دی۔
اس دوران اسکول کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کا گلدستے پیش کر کے اور شال اڑھا کر استقبال کیا گیا، وہیں تمام اسکول کی ٹیچرز کو بھی ان کی خدمات کے اطراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ پروگرام میں شہر چیئرمین وپن گرگ، معروف معالج ڈاکٹر ڈی کے جین، ٹھاکر شیام کمار سنگھ، اشوک گپتا، شیام کمار اگروال، چودھری راجپال سنگھ، ڈاکٹر انور سعید، معاویہ علی، شمیم فاروقی، انعام قریشی، سیّد وجاہت شاہ، ڈاکٹر شاہکار خان سمیت بڑی تعداد میں سرکردہ شخصیات اور بچوں کے والدین و سرپرستوں نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں روڑکی، سہارنپور اور مظفر نگر سے بھی مہمان شریک رہے۔ اختتام پر اسکول کی پرنسپل فوزیہ عبداللہ اور ایڈمنسٹریٹر عبداللہ نواز خان نے تمام مہمانوں، والدین، اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نواز گرلز پبلک اسکول ہمیشہ طالبات کی رہنمائی اور معاونت کے لیے تیار رہے گا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر