آگرہ: مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے آج نمازیوں سے حج کے بارے میں اپنے خطبہ میں خطاب کیا ، انھوں نے کہا کہ حج ایک انٹرنیشنل عبادت ہے کیونکہ دنیا کے کونے کونے سے مسلمان اس عبادت کے لیے مکہ المکرمہ میں حاضر ہوتا ہے اور وہ اس کو اپنے لیے ایک بہت بڑی نعمت سمجھتا ہے ، اور حقیقت میں ہے بھی ایسا ہی ، انھوں نے کہا کہ آپ ذرا تصور کریں کہ اس وقت دنیا بھر سے مسلمان مکہ المکرمہ میں جمع ہیں ، ہر ملک کی زبان الگ الگ ، رہن سہن الگ ، کھانا پینا الگ ، رنگ نسل الگ ، سب ایک دوسرے سے مختلف ، لیکن اللہ کے گھر پہنچ کر سب کا لباس ایک ، صرف دو چادریں وہ بھی بغیر سلی ہوئی ، اور زبان پر سب کے ایک ہی کلمہ لبیک اللھم لبیک ، اے اللہ میں حاضر ہوں تیرا کوئی شریک نہیں ، دنیا کے کسی بھی ملک سے آیا ہوا شخص ایک لباس میں اور ایک ہی کلمہ میں اپنے رب کے سامنے حاضر ہے ، یہ ایک غیر معمولی نظارہ ہوتا ہے جو صرف ان ہی دنوں میں نظر آتا ہے جب حج کے ایام ہوتے ہیں ، اتنا بڑا مجمع اور کوئی آپس میں اختلاف نہیں ، کیونکہ سب قرآن کی اس بات پر عمل کرتے نظر آتے ہیں ،کہ حج کے دنوں میں لڑائی جھگڑے سے بچتا رہے تم جو نیکی کروگے اس سے اللہ تعالیٰ باخبر ہے ، سورہ البقرہ آیت نمبر 197 ، ہر شخص اس پر عمل کرنے کے کوشش کرتا ہوا نظر آتا ہے ، حج کا یہ سفر اللہ کی طرف ایک سفر ہے یہ سفر اپنے رب سے قریب ترین ہونے کی آخری شکل ہے ، دوسری عبادتیں اللہ کی یاد میں ہیں لیکن حج ایک طرح سے خود اللہ تک پہنچ جانے کا ذریعہ ہے ، یہ ایک بندے کی رب سے ملاقات کی ریہرسل ہے اسی لیے وہ اللہ کا مہمان کہلاتا ہے ، کیا یہ کوئی معمولی بات ہے ؟ یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ بندہ اللہ کا مہمان کہلائے ، اسی طرح جنت میں بھی سب اللہ کے مہمان ہونگے ، اللہ سبحانہ تعالیٰ ہم سب کو جنت الفردوس میں اپنا مہمان بناے، آمین ۔
0 Comments