آگرہ: مسجد نہر والی سکندرا کے خطیب محمد اقبال نے آج خطبہ جمعہ میں نمازیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا ، کہ اس وقت دنیا میں سب سے بڑی نسل کشی غزہ میں کی جارہی ہے ، ہمیں قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ فرعون نے اپنے زمانے میں بنی اسرائیل کے بچوں کی نسل کشی کی تھی صرف لڑکوں کی ، لیکن آج اسرائیل غزہ میں جو نسل کشی کررہا ہے وہ تو مرد ،عورت ، بوڑھے ، بچے ، بیمار سب کو ہی مار رہا ہے ، شاید یہ دنیا کی سب سے بڑی اور خطرناک نسل کشی ہو رہی ہے ، اس کا اندازہ آپ اس سے بھی لگا سکتے ہیں کہ اب خود اسرائیل میں بھی اسراییلی لوگ اپنی حکومت کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں ، اخباری اطلاعات کے مطابق اسرائیل میں پانچ لاکھ افراد نے اپنی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا ، یہ ایک غیر معمولی بات ہے ، وہ بات الگ ہے کہ مسلم رہنماؤں کی اکثریت ابھی تک ایروپلین موڈ میں ہے ، جب کہ دنیا بھر میں ہمدردی رکھنے والے افراد سڑکوں پر نکل کر اپنا احتجاج درج کرارہے ہیں ، ہم سب کو اپنے رب کے حضور حاضر ہونا ہے ، جب غزہ میں بمباری ہو رہی تھی تو تم کیا کررہے تھے ، اس کا جواب دینا ہوگا ؟ آج ہمارے اندر کوئی احساس تک نہیں ہے کہ ہمارے بھائیوں کے ساتھ کیا ظلم ہو رہا ہے ، ہماری زندگی معمول کے مطابق چل رہی ہے ، اللہ کے بندوں جو جس قابل ہے وہ اپنے طریقے سے کام کرے ، لکھنے والا لکھے ، بولنے والا بولے ، مدد کرنے والا مدد کرے یا کم سے کم ہر نماز کے بعد ہاتھ اٹھا کر دعا کرے، ہمارے اندر تڑپ پیدا ہونی چاہیے کہ ہمارے بھائیوں کے ساتھ کیا سلوک ہو رہا ہے ، اور ہم کچھ نہیں کرپارہے ہیں ، اے اللہ ہم شرمندہ ہیں ، ہم مجبور ہیں ہمارے پاس طاقت نہیں ، ہمارے پاس وسائل نہیں ، بس ہاتھ اٹھا کر تجھ سے سوال کرتے ہیں کہ ان مظلوموں کی مدد فرما ، اور بیت المقدس کی حفاظت فرما آمین یارب العالمین _

0 Comments