ممبئی: اسٹاف رپورٹر۔
ممبئی اردو نیوز کے سب ایڈیٹرنازش ہما قاسمی کو صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر کی جانب سے مولانا الطاف حسین حالی ایوارڈسے سرفراز کیا گیا۔یہ ایوارڈ فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر کی جانب سے منعقدہ دو روزہ ورکشاپ ’’خوشگوار ازدواجی زندگی‘‘ کی اختتامی تقریب میں اتوار ۱۹ اکتوبر کومفتی اشفاق قاضی اور عزیز جادوت کے ہاتھوں دیاگیا گیا۔ اس موقع پر ممبئی کے دیگر ممتاز اردو صحافیوں کو بھی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں روزنامہ انقلاب کے سینئر صحافی حافظ سعید خان کو مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ، اردو ٹائمز کے ایڈیٹر فاروق انصاری کو علامہ شبلی نعمانی ایوارڈ اور روزنامہ ہندوستان کے مدیر سرفراز آرزو کو سر سید احمد خان ایوارڈ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر ممبئی کی وہ منفرد تنظیم ہے جو اردو صحافیوں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، یہ ادارہ مسلم خاندانوں کے خانگی و عائلی مسائل کو قرآن و سنت کی روشنی میں حل کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ ادارے کے بانی و سربراہ صالح عالم دین مفتی اشفاق قاضی ہیں، جو جامع مسجد ممبئی کے صدر مفتی بھی ہیں، فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر نے اپنی تین سالہ خدمات میں سماجی اصلاح اور خاندانی استحکام کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

0 Comments