Latest News

خدا کے موجود ہونے کی پرانی بحث آج بھی زندہ و تازہ: خطیب محمد اقبال۔

آگرہ: مسجد نہر والی، سکندرا کے خطیب، محمد اقبال نے آج جمعہ کے خطبے میں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے حالات حاضرہ کے پروگرام "خدا موجود ہے" کے حوالے سے گفتگو کی۔
محمد اقبال نے کہا کہ دو گھنٹے کے اس پروگرام میں واضح طور پر یہ بات سب کے لیے سمجھ آ گئی کہ یہ مباحثہ اللہ، ایشور، گوڈ، پرماتما کے ماننے والے اور نہ ماننے والے افراد کے درمیان تھا۔ مگر افسوس کہ کچھ لوگ عادتاً اس مباحثے کو ہندو بمقابلہ مسلم کے زاویے سے دیکھ رہے ہیں۔
خطیب نے مزید کہا کہ یہ مباحثہ ایک قدیم اور جاری بحث کا حصہ ہے، مگر اس مرتبہ اس کی نوعیت منفرد تھی۔ کیونکہ اللہ، ایشور، گوڈ، پرماتما کے ماننے والوں کی نمائندگی ایک نوجوان طالب علم نے کی جس کا تعلق داڑھی، ٹوپی، کرتا اور مدرسہ سے تھا۔
محمد اقبال نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ مدرسے کے اس طالب علم نے کس طرح ذہنی طور پر حاضر جوابی کے ذریعے سب کو حیران کر دیا۔ پہلے اکثریت یہی سمجھتی تھی کہ مدرسے والے افراد دقیانوسی خیالات رکھتے ہیں اور ڈیجیٹل دور سے واقف نہیں، لیکن آج کے اس پروگرام نے یہ تصور بدل دیا۔ نوجوان نے دنیا بھر کے مذہبی عقائد رکھنے والوں کی نمائندگی انتہائی شاندار انداز میں کی، جو قابل تحسین ہے۔
انہوں نے خاص طور پر ہندوستان کے تمام بڑے اداروں کے ذمہ داران سے گزارش کی کہ وہ اپنے یہاں عالمیت اور فضیلت کے بعد مخصوص وقت رکھیں اور ایسے ٹاپ کلاس طلبہ کو اس قسم کے مباحثوں کے لیے تیار کریں۔ محمد اقبال کے مطابق، یہ آج کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل بھی ذہنی صلاحیت اور علمی تربیت کے ساتھ دنیا کے سامنے اپنا موقف پیش کر سکے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر