Latest News

ایک سایرن ایسا بجے گا جسے سن کر پوری دنیا میدان حشر کی طرف دوڑے گی: خطیب محمد اقبال کا خطبہ جمعہ۔

آگرہ: سکندرا کی مسجد نہر والی میں خطبۂ جمعہ کے دوران خطیب محمد اقبال نے نمازیوں کو خطاب کرتے ہوئے آخرت کی تیاری اور رمضان المبارک کی بابرکت راتوں کی قدر کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اپنے خطبہ میں ماضی میں افطار کے وقت بجنے والے سائرن کا حوالہ دیتے ہوئے ایک سبق آموز مثال پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ عرصہ نہیں گزرا جب افطار کے وقت سائرن کی آواز آتی تھی اور لوگ اس آواز کے بعد روزہ افطار کرتے تھے۔ یہ سائرن دراصل اس بات کا اعلان ہوتا تھا کہ اب کھانے پینے کا وقت ہو گیا ہے۔ لیکن اب وہ سائرن کی آواز بھی سنائی دینا بند ہو گئی ہے۔ خطیب نے کہا کہ یاد رکھیں ایک وقت ایسا بھی آنے والا ہے جب ایک سائرن کی آواز پوری دنیا میں سنائی دے گی۔ وہ سائرن دراصل قیامت کا اعلان ہوگا، جس کے بعد لوگوں سے کہا جائے گا کہ اب کھانے پینے کا وقت ختم ہو گیا ہے اور ہر شخص کو میدانِ حشر کی طرف جانا ہے۔ اس وقت کھانا صرف انہی لوگوں کو ملے گا جو اس دنیا کے امتحان میں کامیاب ہوئے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جس دنیا میں ہم رہ رہے ہیں وہ دراصل ایک امتحان گاہ ہے۔ یہاں عیش و آرام کے لیے نہیں بلکہ آزمائش کے لیے بھیجا گیا ہے۔ اسی حقیقت کو قرآن کریم میں بھی بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے سورۃ الحج کی آیات 1 اور 2 کا حوالہ دیتے ہوئے تلاوت کی: “اے لوگو! اپنے رب سے ڈرو، بے شک قیامت کا زلزلہ بہت بڑی چیز ہے۔ جس دن تم اسے دیکھو گے تو ہر دودھ پلانے والی اپنے دودھ پیتے بچے کو بھول جائے گی اور ہر حاملہ اپنا حمل گرا دے گی، اور تم لوگوں کو مدہوش دیکھو گے حالانکہ وہ مدہوش نہ ہوں گے بلکہ اللہ کا عذاب بہت سخت ہوگا۔” انہوں نے نمازیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کے اس واضح پیغام کے بعد ہمارے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے کہ ہم اپنے رب کو راضی کریں۔ خاص طور پر رمضان المبارک کے بابرکت دنوں میں اللہ تعالیٰ سے سچی توبہ اور عبادت کے ذریعے قرب حاصل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شبِ قدر کی دو راتیں گزر چکی ہیں جبکہ تین باقی ہیں، اس لیے ان قیمتی راتوں کو غنیمت جانتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عبادت، دعا اور استغفار کریں تاکہ دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل ہو سکے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر