Latest News

رمضان کے بعد کی زندگی کیسے گزاریں: الوداع جمعہ کے موقع پر خطیب محمد اقبال کا پیغام۔

آگرہ: سکندرا کی مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے خطبہ میں ایک نہایت اہم اور فکر انگیز سوال اٹھایا کہ کیا ہماری زندگی رمضان کے بعد بھی اسی روحانی تربیت کے مطابق گزرے گی جو ہم نے اس بابرکت مہینے میں حاصل کی؟
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک دراصل ایک تربیتی مہینہ ہے، جس میں ہمیں صبر، تقویٰ، عبادت، اور انسانیت کی خدمت کا سبق دیا جاتا ہے۔ اصل کامیابی اسی میں ہے کہ ہم اس تربیت کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ اگر ہم رمضان کے بعد بھی نمازوں کی پابندی، قرآن کی تلاوت، اور نیکی کے کام جاری رکھیں تو سمجھ لیں کہ ہم نے رمضان سے صحیح معنوں میں فائدہ حاصل کیا، ورنہ یہ مہینہ بھی محض ایک رسم یا "فوڈ فیسٹیول" بن کر رہ جائے گا۔
خطیب جمعہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رمضان کے دوران ہم نے کئی اپنے عزیزوں کو کھو دیا، جو اب کبھی اس مبارک مہینے کو نہیں پا سکیں گے۔ یہ لمحہ ہم سب کے لیے نصیحت ہے کہ ہم اپنی زندگی کو سنواریں اور آخرت کی تیاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ مساجد ہم سے سوال کریں گی کہ رمضان کے بعد ہمارے نمازی کہاں چلے گئے؟ کیا عبادات اور نیکی صرف اسی مہینے تک محدود تھیں؟ اس لیے ضروری ہے کہ ہم رمضان کے بعد بھی اللہ کی اطاعت، بندگی، اور مخلوق کی خدمت کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان کی برکتوں کو سنبھالنے، ان پر عمل کرنے، اور دین پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر