Latest News

غزہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت، “سیز فائر” پر خطبہ جمعہ میں خصوصی بیان۔

آگرہ: مسجد نہر والی، سکندرا کے خطیب محمد اقبال نے آج خطبۂ جمعہ میں غزہ کی موجودہ صورتحال، جنگ بندی (سیز فائر) اور عالمی حالات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے غزہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں امتِ مسلمہ کے لیے حوصلے اور بیداری کا پیغام ہیں۔
خطیب محمد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ تقریباً چالیس دن تک جاری رہنے والی خوفناک جنگ کے بعد دنیا کی سپر پاور کہلانے والے ملک نے اپنے مدِ مقابل ایران کے دس نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کرتے ہوئے دو طرفہ سیز فائر کا اعلان کیا، جو بظاہر ایک عقلمندانہ فیصلہ ہے۔ تاہم، دنیا نے یہ بھی دیکھا کہ خود کو عالمی طاقت قرار دینے والا ملک کس طرح پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوا اور کس انداز میں سخت بیانات کا سہارا لیتا رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران خود اس ملک کے عوام بھی اپنے حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی ناراضگی کا اظہار کیا، جو اس بات کی واضح علامت ہے کہ عالمی سطح پر حالات کس قدر تبدیل ہو رہے ہیں۔
محمد اقبال نے اپنے بیان میں قرآنِ کریم کی سورۃ البقرہ (آیت 249) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
“بارہا ایسا ہوا ہے کہ ایک قلیل گروہ اللہ کے حکم سے بڑے گروہ پر غالب آ گیا، اور اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔”
انہوں نے کہا کہ یہ آیت موجودہ حالات پر صادق آتی ہے، جہاں بظاہر کمزور نظر آنے والے لوگوں نے صبر اور استقامت کے ساتھ بڑی طاقتوں کا مقابلہ کیا۔
خطیب نے کہا کہ جس طرح غزہ کو کھنڈرات میں تبدیل کیا گیا، اسی طرح کے مناظر اب خود اسرائیل کے شہروں میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو مظلوموں کے خون کا اثر اور اللہ کی پکڑ قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی عدالت کی جانب سے اسرائیلی قیادت کو مجرم قرار دینا بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا اب حقائق کو تسلیم کرنے لگی ہے۔
محمد اقبال نے ایران کی جانب سے دکھائی گئی جرات اور استقامت کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس ملک پر برسوں سے پابندیاں عائد تھیں، اس نے جس ہمت کے ساتھ مقابلہ کیا، وہ مسلم حکمرانوں کے لیے ایک عملی مثال ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے اس پہلو کو بھی اجاگر کیا کہ اس جنگ کے دوران دنیا کے دو بڑے مکاتبِ فکر ایک پلیٹ فارم پر نظر آئے، جو کہ ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امتِ مسلمہ اسی طرح متحد ہو جائے تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
خطیب محمد اقبال نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ غزہ کے شہداء کی مغفرت فرمائے، زخمیوں کو شفا عطا کرے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کی دولت سے نوازے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ مظلوموں کے لیے دعا کریں اور اپنے اندر اتحاد پیدا کریں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر