Latest News

بیمار کی عیادت: ایک عظیم عمل ہے: خطیب محمد اقبال۔

آگرہ: مسجد نہر والی سکندرا کے خطیب محمد اقبال نے جمعہ کے خطبہ میں نمازیو کو بیمار لوگوں کی عیادت (مزاج پرسی) کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے بیمار کی عیادت کو ایک بہت بڑا اور عظیم عمل قرار دیا ہے۔
انہوں نے ترمذی کی حدیث نمبر 969 کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ: "جو شخص کسی مریض کی عیادت کرتا ہے، ستر ہزار فرشتے صبح تک اور ستر ہزار فرشتے شام تک اس کے لیے رحمت کی دعا کرتے ہیں۔" اس حدیث سے اس عمل کی عظمت اور فضیلت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
خطیب محمد اقبال نے کہا کہ آج کے تیز رفتار دور میں ہم نے اس عظیم عمل کو تقریباً ترک کر دیا ہے، حالانکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر کثرت سے عمل فرمایا اور مسلمانوں کو اس کی تاکید بھی کی۔ بخاری کی حدیث نمبر 3046 میں فرمایا گیا: "بھوکے کو کھانا کھلاؤ، مریض کی عیادت کرو اور قیدی کو چھڑاؤ۔"
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے روزمرہ کے کاموں میں اس قدر مصروف ہو گئے ہیں کہ اس اہم دینی عمل کی طرف توجہ نہیں دیتے، جبکہ ہر شخص کے پاس 24 گھنٹے ہی ہوتے ہیں، جن میں سے ہمیں کچھ وقت نکال کر اس نیکی کو ضرور انجام دینا چاہیے۔ مزید انہوں نے ہدایت دی کہ مریض سے ملاقات کے دوران اسے تسلی دی جائے، اس کی صحت کے لیے دعا کی جائے، قرآن کریم کی تلاوت اور احادیث مبارکہ سنائی جائیں، اور اس کے ساتھ احترام اور محبت سے بات کی جائے۔ اگر ممکن ہو تو اس کے لیے خوشبو لے جائی جائے، اس کے آرام کا خیال رکھا جائے اور حسبِ استطاعت مالی مدد بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ایک مخلص ملاقات، حوصلہ افزائی اور خیرخواہی مریض کے لیے اتنی مفید ثابت ہوتی ہے کہ کوئی دوا بھی اس کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مصروف ترین دور میں اس عظیم عمل کو ضرور یاد رکھنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحت و عافیت عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر