Latest News

آنے والا ہے دن قیامت کا، کوئی ظالم نہ بخشا جائے گا: خطیب محمد اقبال۔

آگرہ: مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے خطبۂ جمعہ میں موجودہ حالات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے نمازیوں سے صبر، تحمل اور انصاف کا دامن تھامے رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ظالموں کے ظلم سے اللہ تعالیٰ غافل ہے۔ سورۂ ابراہیم، آیت 42 میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
"وَلَا تَحْسَبَنَّ اللّٰهَ غَافِلًا عَمَّا يَعْمَلُ الظَّالِمُونَ، إِنَّمَا يُؤَخِّرُهُمْ لِيَوْمٍ تَشْخَصُ فِيهِ الْأَبْصَارُ"
یعنی اللہ کو ظالموں کے اعمال سے ہرگز غافل نہ سمجھو، وہ تو انہیں اس دن تک مہلت دے رہا ہے جس دن آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ جائیں گی۔ خطیب محمد اقبال نے کہا کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کا نظام ہے، اسے بخوبی معلوم ہے کہ کس کو کب تک مہلت دینی ہے۔ ظلم خواہ کتنا ہی بڑھ جائے، اللہ کی عدالت میں ہر عمل کا حساب ضرور ہوگا۔ انہوں نے سورۂ بقرہ، آیت 114 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو اللہ کی مسجدوں میں اس کا نام لینے سے روکیں اور انہیں ویران کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے نمازیوں کو تلقین کی کہ کسی بھی کارروائی کا جواب ردِعمل یا قانون ہاتھ میں لے کر نہ دیا جائے، بلکہ صبر اور حکمت سے کام لیا جائے۔ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن مکمل انصاف فرمائے گا۔ انہوں نے سورۂ انبیاء، آیت 47 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عنقریب ظلم کرنے والوں کو معلوم ہو جائے گا کہ وہ کس انجام کی طرف لوٹنے والے ہیں۔ خطیب نے کہا کہ اسلام نے صدیوں پہلے اس جاہلیت کا خاتمہ کیا جس میں انسان کے ساتھ اس کے نام، ذات یا شناخت کی بنیاد پر ظلم کیا جاتا تھا۔ افسوس کہ آج بھی معاشرے میں بعض جگہ اس سوچ کی جھلک نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کے احترام اور ان کی حفاظت کی تعلیم دیتا ہے۔ مسجد، مندر، گرجا گھر، یہودی عبادت گاہ یا کسی بھی مذہبی برادری کی عبادت گاہ کے احترام کو یقینی بنانا معاشرے میں امن اور بھائی چارے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا ظلم عارضی ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی پکڑ بہت سخت ہے۔ انسان کو ظلم و زیادتی سے باز آنا چاہیے اور انصاف کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
خطبے کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اور ہمارے حکمرانوں کو صحیح سوجھ بوجھ، انصاف اور حق بات پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور ملک و معاشرے میں امن و امان قائم فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر