Latest News

اترپردیش اسمبلی الیکشن کے لئے کانگریس نے شروع کی پرتگیہ یاترا، سہارنپور پہنچے سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید اور آچاریہ پرمودکرشنم نے عوام سے کئے پرکشش وعدہ۔

اترپردیش اسمبلی الیکشن کے لئے کانگریس نے شروع کی پرتگیہ یاترا، سہارنپور پہنچے سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید اور آچاریہ پرمودکرشنم نے عوام سے کئے پرکشش وعدہ۔
دیوبند: (رضوان سلمانی) سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے کہا کہ اس بار یوپی اسمبلی الیکشن کانگریس اپنے دم پر لڑے گی۔دیگر جماعتوں سے اتحاد ہونے سے انکار نہیں کیا جاسکتاہے ، لیکن پارٹی ابھی اس کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی ہے،یوپی الیکشن کے لئے کانگریس اپنے منشور میں کسان ، مزدور ، خواتین کو شامل کرے گی، کسانوں کے بجلی کے بل آدھے کر دیئے جائیں گے اور کسانوں کے قرض معاف کیے جائیں گے۔

کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے سہارنپور میں واقع سرکٹ ہاوس میں پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جلد ہی اپنا منشور جاری کرے گی، وہ خود کانگریس کا منشور تیار کر رہے ہیں۔ کانگریس نے اس وقت 7 وعدے کیے ہیں۔ جس میں خواتین کی 40 فیصد شراکت داری کا وعدہ کیا گیا ہے ، طالبات کوا سکوٹی اور اسمارٹ فون کے ساتھ ان کی حکومت بنتے ہی کسانوں کے قرضے معاف کر دیئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ بجلی کا بل بھی آدھا ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کا اعلان منشور میں کیا جائے گا۔ 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کانگریس فی الحال اپنے دم پر الیکشن لڑے گی۔ کانگریس کی پرتگیا یاتر کے سلسلہ میں سہارنپور پہنچے سلمان خورشید نے بتایاکہ یہ یاترا 12 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کرے گی اور ریاست کے ہر ضلع اور ہر گاوں وقصبہ کے لوگوں سے بات کرکے ان کے منشاءاور ضروریات کے مطابق حکومت بنائے گی اور ان کے مسائل ترجیحی طورپر حل کرے گی۔

ادھر اترپردیش کی اسمبلی سیٹ نمبر ایک بہٹ سے اتوار کے روز کانگریس کی پرتگیہ یاترا کو کانگریس لیڈر اچاریہ پرمود کرشنم نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیاا ور بی جے پی حکومت پر سخت حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پرتیگیہ یاترا ریاست میں تبدیلی کا سفر بن جائے گی۔آچاریہ پرمود کرشنم نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی طرف سے کئے گئے عہد کو تقویت دیں۔ یہ یاترا مای شاہ کمبھری دیوی اور حضرت رائے پوری کی پاک سرزمین سے شروع کی جارہی ہے،جو بدانتظامی کے خلاف ریاست میں تبدیلی کا سفر بنے گی۔انہوں نے اسلام اور دیگرمذاہب کے حوالہ سے امن وشانتی کی بات کی۔ 

اس دوران سابق مرکزی وزیر ظفر علی نقوی ، قومی سیکرٹری عمران مسعود ، قومی ترجمان نعیم اختر ، علاقائی کانگریس ایم ایل اے نریش سینی ، ایم ایل اے مسعود اختر ، سابق وزیر ستیش شرما ، دھیرج گرجر ، شایان مسعود ، ابرار مرزا وغیرہ موجود تھے۔کانگریس کے قومی سکریٹری عمران مسعود نے کہا کہ کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بدانتظامی کے خاتمے اور گڈ گورننس کے قیام کے لیے 'پرتیگیہ یاترا' شروع کی ہے۔ بی جے پی کی حکمرانی میں غریبوں ، مزدوروں ، کسانوں کے حقوق چھینے جا رہے ہیں ، جو بابا صاحب بھیم راوامبیڈکر نے دیا تھا۔ کانگریس ان حقوق کا تحفظ کرنا اپنا اخلاقی فرض سمجھتی ہے۔ اسی لیے ریاست میں 'پرتیگیہ یاترا' شروع کی گئی ہے۔ کشمیر سے لے کر کنیا کماری تک ، صرف کانگریس ہی بی جے پی کا مقابلہ کر سکتی ہے۔سابق مرکزی وزیر ظفر علی نقوی نے کہا کہ یاترا بہٹ سے شروع ہو کر مظفر نگر ، بجنور ، مراد آباد ، رام پور ، بریلی ، ہاتھرس ، بدایوں ، علی گڑھ ، متھرا ، آگرہ تک جائے گی۔

Posted By: Sameer Chaudhary

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر