Latest News

گروگرام کے مسلمانوں کیساتھ مقامی عوام کی اظہار یکجہتی سے نفرت کی شکست ہوئی، سکھ سماج کی پہل کا جمیعت علماء اُتر پردیش نے کیا خیرمقدم۔

گروگرام کے مسلمانوں کیساتھ مقامی عوام کی اظہار یکجہتی سے نفرت کی شکست ہوئی، سکھ سماج کی پہل کا جمیعت علماء اُتر پردیش نے کیا خیرمقدم۔
کانپور: یہ حقیقت ہے کہ ہمارے ملک میں فرقہ وارانہ واقعات میں مسلسل اضافہ ہور ہاہے جس پر ہم سب کو کافی تشویش اور تکلیف ہے۔ لیکن اس کا حل اینٹ کا جواب پتھرسے ہرگز نہیں ہے،بلکہ باہمی بات چیت امن و سلامتی اور باہمی رواداری کے ذریعہ ہی فرقہ پرستی اور تشدد کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔گروگرام میں انتظامیہ کے ذریعہ دی گئی اجازت کے ساتھ مجبوری کے تحت کھلے میں نماز ادا کرنے کو لے مٹھی بھر شرپسندوں کے ذریعہ پھیلائی گئی مذہبی منافرت کے بعد مقامی عوام کا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور گروداروں کے اراکین کے ذریعہ نماز اداکرنے کیلئے جگہ مہیا کرانے کی پیش کش پر جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے اسے ملک اور سماج کیلئے خوش آئند اورمقامی علمائے کرام ومعززین کی محنتوں کا ثمرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ سے ہی ہمارے اکابرین کی روایت رہی ہے کہ انہوں نے ملک کی شانتی اور سلامتی کی حفاظت کرنے میں کبھی کوئی کسر نہیں چھوڑی، لہٰذا اس ملک کی متحدہ قومیت کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ 
مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے کہا کہ ہندوستانی سماج اس زمین پر بسنے والے لوگوں کے غم اور خوشیاں، رشتے ناتے، کھانا پینا، جشن اور سوگ اور یہاں تک کہ معاشی ضرورتوں کو بھی ایک دوسرے سے جوڑے رکھتا ہے۔ آج ہم اس حوصلے کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم اس روایت کو اپنے تہذیبی ڈھانچے سے الگ نہیں ہونے دیں گے اورہمارے حوصلوں کی جڑیں جمعےۃ علما ء ہند کی تاریخ اور روایت میں پیوست ہیں جو جوڑتی ہے توڑتی نہیں،اپناتی ہے دھتکارتی نہیں،بناتی ہے بگاڑتی نہیں۔

مولانا عبدا للہ نے ملک کے مسلمانوں سے کہا کہ صبر کریں، معاف کریں،ہمیشہ سب بھلاچاہیں۔ایسا کرنے سے دوریاں مٹ جائیں گی، قربتیں بڑھیں گی اور بدگمانیاں کم ہوں گی، نیز ایک دوسرے کی کمزوریاں اور مجبوریاں نظر انداز کرنے کا حوصلہ پیدا ہوگا۔مولانا عبداللہ نے اس موقع پرکہا کہ ہم انسانی ہمدردی، باہی روداری اور ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں شرکت کے عمل کو پوری زندگی اپنائے رکھیں گے۔
سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر